کراچی میں قونصل جنرل جاپان توشی کازو ایسومورا کا گرین لائن بس پر سفر


کراچی(صباح نیوز)قونصل جنرل جاپان برائے کراچی توشی کازو ایسومورا  نے اپنے عملے کے ہمراہ حال ہی میں شروع ہونے والی گرین لائن بس سروس پر سفر کیا۔قونصل خانہ جاپان کراچی کے پولیس اتاشی اور دیگر عملہ بھی توشی کازو ایسومورا کے ہمراہ تھا، قونصل جنرل جاپان کسی کو اطلاع دیئے بغیر ایک عام مسافر کے طور پر گرین لائن بس سروس کے مرکزی سٹیشن پہنچے۔

قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا نے نمائش چورنگی اسٹیشن پر مسافروں کی قطار میں لگ کر خود ٹکٹ خریدا اور کلیئرنس کے بعد مسافروں کے ساتھ بس میں بیٹھ گئے، قونصل جنرل جاپان نے اس آزمائشی سفر کے دوران روٹ اور گرین لائن بس کا بھی باریک بینی سے جائزہ لیا۔ گرین لائن بس کا سفر کرکے قونصل جنرل توشی کازو ایسومورا ناظم آباد میں گولیمار کے سینٹری سٹاپ پر اتر گئے، توشیکازو ایسومورا نے سفر پرخوشی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ جاپان میں تو یہ عام چیز ہے، کراچی میں یہ جدیدیت دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا یہ سروس ابھی نامکمل ہے، کچھ خامیاں ہیں کوئی بات نہیں۔ گرین لائن بس سروس مکمل فعال ہوجائے گی تو وہ پھر دورہ کریں گے۔