مقبوضہ کشمیرمیں برفباری،بالائی علاقے سفید چادر سے ڈھک گئے


سرینگر:مقبوضہ کشمیر کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں اورمعمولی برف باری ہوئی ۔ شمالی کشمیر کے بالائی اور میدانی علاقوں میں بھاری اور درمیانہ درجے کی برف باری ہونے کی اطلاعات ہے۔ وادی کشمیر کو لداخ یونین ٹریٹری سے جوڑنے والی سرینگر لیہہ ، بانڈی پورہ گریز ، اورکپوارہ کرناہ شاہراہ کو ٹریفک کی نقل و حمل کیلئے بند کر دیاگیا ہے جبکہ کیرن اور مژھل کی سڑکیں بھی گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہوئی ہیں۔

سرینگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 1.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ۔سونہ مرگ، گلمرگ اور دیگر بالائی علاقوں کے علاوہ اوڑی کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری ہوئی ۔ کپواڑہ ضلع میں سب سے زیادہ برف باری ریکارڈ کی گئی اور تازہ برف باری کے نتیجے میں بجلی نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ، وہاں 10انچ سے2فٹ تک برف جمع ہو چکی ہے ۔انتظامیہ نے بھاری برف باری کے بعد کرناہ ، کپواڑہ ، کیرن کپواڑہ اور مژھل کپواڑہ سڑکوں کو گاڑیوں کی آمد وفت کیلئے اختیاطی طور پر بند رکھا ہے ۔کیونکہ ان علاقوں میں بھاری برف باری ہوئی ہے ۔مژھل کے اندروانی علاقوں میں 5انچ اور زیڈ گلی پر 10انچ برف جمع ہوئی ہے۔کیرن میں پھرکیاں ٹاپ پر 12انچ اور اندورنی علاقوں میں 6سے7انچ برف جمع ہوئی ہے، جبکہ کرالپورہ کے کچھ ایک علاقوں میں بارشیں اور برف باری ہوئی ۔ادھر کرناہ میں دن بھر معمولات زندگی متاثر ہو کر رہ گئی اور لوگ دن بھر گھروں میں ہی محصور رہے ۔

کرناہ کے میدانی علاقوں میں تازہ 9انچ اور بالائی علاقوں میں 2فٹ برف جمع ہو چکی تھی۔ نستہ چھن گلی پر پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 2 فٹ تازہ برف جمع ہو گئی ہے ۔کرناہ کے نہچیاں ، بڑون ، گومل ،باغ بالا ، شمس پورہ ، کچاڑیاں میں 10 انچ ،جبکہ ٹنگڈار ، گھوڑپارہ ، سلمان ، بکھایاں ، ناڑ ، لونٹھا شاٹھ پلہ ، کنڈی ،دلدار، بٹ پورہ، چنی پورہ مقام میں سوموار کی شام دیر گئے تک 7 سے 9انچ تازہ برف جمع ہو چکی تھی جبکہ گبرہ ، ٹاڈ ، ٹیٹوال، امروہی ، بادرکوٹ ،ہیبکوٹ ، چترکوٹ ، چھمکوٹ میں بھی بھاری برف باری ہونے کی اطلاعات ہیں۔برف باری کی وجہ سے ٹنگڈار ، گبرہ ، ٹنگڈار جاڈہ ، ٹنگڈار گومل ، ٹنگڈار نہچیاں ، ٹنگڈار ٹاڈ ، ٹنگڈار تربونی ، ٹنگڈار سلمان سمیت دیگر تمام اندروانی سڑکیں گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند ہو گئی ہیں۔۔۔