پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے۔ محمدشہباز شریف

پیرس(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمدشہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان آئی ایم ایف پروگرام میں اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے،پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز سے نکلنے میں دنیا کی معاونت کی قدر کرتے ہیں، سیلاب نے معاشی مشکلات کو مزید مشکل بنایا لیکن پاکستان نے اس کے باوجود اپنے عوام کو ریلیف دیا، پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے، عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں، معیشت کو واپس گروتھ کے راستے پر لانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کے لئے ضروری ہے۔

ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہبازشریف نے آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا سے پیرس میں لندن روانگی سے پہلے ملاقات کے دوران کیا۔ وزیراعظم شہبازشریف کی آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات لندن روانگی سے قبل ہوئی۔وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کے درمیان پیرس میں تین ملاقاتیں ہوئیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے پاکستان کے عزم کو دوہرایا۔ پاکستان کی معاشی حقیقتوں سے متعلق غور کرنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے ایم ڈی آئی ایم ایف کی سوچ کو سراہا۔

وزیر اعظم شہبازشریف کا کہنا تھاکہ گزشتہ چار سال کی معاشی بدحالی کی بحالی کے لئے ناگزیر اقدامات لینا ہوں گے، معاشی بحالی سے آئی ایم ایف اہداف کو بہتر طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے،پاکستان ہمیشہ کی طرح عالمی برداری کے ساتھ اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل پر پورا اترتا رہے گا۔آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان کے لئے عزم کو سراہا۔ ایم ڈی آئی ایم ایف کرسٹلینا جورجیوا کا وزیر اعظم شہبازشریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم آپ نے مشکل حالات میں ذمہ داری سنبھالی لیکن آپ بہتری لانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔