الخدمت فاؤنڈیشن نے شمالی وزیرستان میں 21 ویں الخدمت آغوش ہوم کا افتتاح کر دیا

لاہور ( صبا ح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن نے  شمالی وزیرستان میں 21 ویں الخدمت آغوش  ہوم کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایک سادہ اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں  الخدمت فاونڈیشن پاکستان کے صدر  ڈاکٹر حفیظ الرحمن، الخدمت خیبر پختونخوا  کے  صدر خالدوقاص، جی او سی  شمالی وزیرستان میجر جنرل محمد نعیم اختر،ڈپٹی کمشنر ریحان خٹک،الخدمت کے صوبائی نائب صدور ڈاکٹر سمیع اللہ جان،انجینئر احسان اللہ مروت،ضلعی انتظامیہ کے آفیسرز کے علاوہ شمالی وزیرستان کے قومی مشیران, تاجر برادری، سیاسی قیادت اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادکی کثیر تعداد شامل تھی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ 2005ء کے تباہ کن زلزلہ کے بعد بڑے پیمانے پر یتیم بچوں کی تعدادکے پیش نظر الخدمت نے اٹک میں پہلے آغوش ہوم کا قیام عمل میں لایا جس کے بعد ملک بھر میں یتیم بچوں کی کفالت کے لئے آغوش ہومزکے قیام کا سلسلہ شروع کیا اور الخدمت کے تحت آج میر علی شمالی وزیرستان میں 21واں آغوش ہوم قائم کردیا گیا۔ الخدمت اس وقت ملک بھر میں آغوش الخدمت ہومز سمیت الخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت 22 ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کررہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان آغوش ہوم میں یتیم بچوں کو تمام تر سہولیات جن میں رہائش، کھاناپینا، تعلیم و تربیت، لائبریری،پلے گراونڈ، مسجد اور صحت کی سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔

خالد وقاص نے بتایا کہ 20 کنال کے رقبہ پر بنائے گئے 35 کمروں پر مشتمل الخدمت آغوش ہوم میں پہلے مرحلہ میں 120یتیم بچوں کی کفالت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا الخدمت کا مشن ہے کہ کوئی بھی بے سہارا اور یتیم بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔ جی او سی  شمالی وزیرستان میجر جنرل محمد نعیم اختر نے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر میں الخدمت فاونڈیشن کی فلاحی سرگرمیوں اور خاص طور پر حالیہ ملک گیر سیلاب کے موقع پر الخدمت کی بلاتفریق خدمت کو سراہا۔انہوں نے علاقیمیں آغوش کے قیام کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے مزید کہاکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے انشاء اللہ مل کر شمالی وزیرستان کو نہ صرف کاروبار کے لحاظ سے ترقی دیں گے بلکہ تعلیم بھی عام کریں گے۔ اس موقع پر دیگر مہمانان گرامی اور معززین نے الخدمت فاؤنڈیشن کی دکھی انسانیت کی تمام تر خدمات کو سراہا اور شمالی وزیرستان میں یتیم بچوں کی کفالت کے لیے آغوش کے قیام کو ایک اہم اور منفرد اقدام قرار دیا۔