پاکستان کا ہندتوا حامیوں کی بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی مہم پر شدید احتجاج


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان نے بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی)کے انتہاپسند ہندوں کی جانب سے بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی مہم پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر طلب کرے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔

دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے بتایا کہ بھارت کی ریاست اتراکھنڈ میں انتہاپسند ہندوں کی جانب سے ایک مذہبی اجتماع میں مسلمانوں کی نسل کشی سے متعلق نفرت آمیز تقریر پر تحفظات کے بعد بھارتی ناظم الامور کو طلب کیا گیا۔ پاکستان نے بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کرکے بھارت میں ہندو توا حامیوں کی جانب سے مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے انتہا پسند تقاریر کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت میں کھلے عام مسلمانوں کی نسل کشی کیلئے اشتعال انگیز تقاریر پر تشویش سے آگاہ کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اشتعال انگیز تقاریر17 سے 20 دسمبر کو اتراکھنڈ میں ہر دیوار کے علاقے میں دھرماسینا کے موقع پر کی گئیں ۔ مسلمانوں کی نسل کشی کے حوالے سے دئیے گئے بیانات پر نہ کوئی مذمت اور نہ ایکشن لیا گیا۔ بھارت میں اقلیت مخالف بیانیہ بی جے پی اور آر ایس ایس کا معمول بن چکا ہے ۔ بھارت میں نفرت انگیز تقاریر پر پاکستان کی سول سوسائٹی  اورعالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔