اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے محصولات میں اضافہ کے حوالہ سے سیالکوٹ ایوان صنعت وتجارت کی خدمات کو سراہاہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے وفد سے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی موجودتھے۔سیالکوٹ ایوان صنعت و تجارت کے وفد نے وزیر خزانہ کو نئے مالی سال کے وفاقی بجٹ کیلئے تجاویز اورسفارشات پیش کیں۔ وفاقی وزیرخزانہ نے کہاکہ مشکل اقتصادی صورتحال کے باوجود حکومت ملک میں کاروبار اورسرمایہ کاری کے فروغ کیلئے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گی۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں تاجروں اورسرمایہ کاروں کے ساتھ مل کرمشکلات کا مقابلہ کیا اورملک کو مشکل صورتحال سے نکالا گیا
انہوں نے ریونیومیں اضافہ کیلئے سیالکوٹ چیمبر اورملک کے کاروباری برادری کی خدمات کوسراہا۔انہوں نے تاجروں کی جانب سے بجٹ تجاویز کاخیرمقدم کیا اورکہاکہ حکومت ان تجاویز اورسفارشات کاجائزہ لیں گی اورانہیں بجٹ میں شامل کرنے کیلئے اقدامات کرے گی