کراچی( صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے 146ویں یوم پیدائش پراپنے پیغام میں کہاہے کہ قائداعظم محمد علی جناح عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے۔ ان کے فرمودات ایمان، تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔
محمد حسین محنتی نے کہا کہ ”قائداعظم محمد علی جناح عالم اسلام کے عظیم رہنما تھے۔ ان کے فرمودات ایمان، تنظیم، اتحاد اور یقین محکم پر عمل پیرا ہونا ہوگا۔ قائد کے افکار کی روشنی میں پاکستان کو اسلامی فلاحی مملکت بنانا وقت کا تقاضا ہے۔بانی پاکستان قائد اعظم نے دیانت وامانت اور اصول بندی کے ساتھ مسلسل جدوجہد کو اپنا شعار بنایا.
جماعت اسلامی سراج الحق کی قیادت میں قائد اعظم کے پاکستان کو حقیقی معنوں میں ایک اسلامی، جمہوری اور فلاحی ریاست بناکر ان کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے جدوجہد کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد کی وفات کے بعد آنے والے حکمران ٹولہ نے نہ صرف قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد کو پس پشت ڈال دیا بلکہ اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے غیروں کی غلامی ، ملکی وسائل کی لوٹ مار اور عالمی مالیاتی اداروں سے مسلسل قرضہ لیکر ملک وقوم کو مقروض بنادیا، آج اگر قائد اعظم زندہ ہوتے تو ملک حقیقی معنیٰ میں اسلامی وخوشحال ملک ہوتا، جس کلمہ طیبہ کے نام پر وطن عزیز معرض وجود میں آیا تھا اسی کا نظام نافذ ہوتا کیوں کہ قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ قرآن مجید ہی ہمارا دستور ہوگا۔موجودہ حکمرانوں نے قائد کے پاکستان کو آئی ایم ایف کے پاس گروی اور 22کروڑ عوام کو مہنگائی کی سونامی میں غرق کردیا ہے ۔