بلوچستان’ کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ، 2 اہلکار شہید


راولپنڈی(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع کیچ میں چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں 2سکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق بلوچستان کے ضلع کیچ میں دہشتگردوں نے سکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جس کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفاتح شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق لانس نائیک منظر عباس شہید کا تعلق خوشاب اور شہید سپاہی عبد الفاتح کا تعلق خضدار سے ہے۔

آئی ایس پی آر کا بتانا ہے کہ فرار دہشتگردوں کی تلاش کیلئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق کہ سکیورٹی فورسزبلوچستان کے امن کے دشمنوں کوشکست دینے کیلئے پرعزم ہیں۔دہشت گردوں کا مقصد بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو متاثر کرنا ہے۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے بلوچستان کے علاقے کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پرحملے کی مذمت کی اور شہید لانس نائیک منظر عباس اور سپاہی عبدالفتح کی عظیم قربانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بہادر سپوتوں نے اپنی قیمتی جانیں وطن کے امن کے لیے قربان کیں، شہدا کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہماری تمام تر ہمدردیاں شہدا کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔