اسلام آباد(صباح نیوز) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کرسمس کے پرمسرت موقع پرپا کستان اور دنیا بھر میں مسیحی برادری کو کرسمس کی دلی مبارکباد پیش کر تے ہوئے کہا ہے کہ آج پاکستان اور پوری دنیا میں لاکھوں مسیحی حضرت عیسی کی ولادت کی خوشی منا رہے ہیں ۔
کرسمس 2021 کے موقع پر پیغام میں صدر عارف علوی نے کہا کہ حضرت عیسی کو اس دنیا میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا ۔ یہ دن ہمیں ان اقدار کی یاد دلاتا ہے جن پر حضرت عیسی اپنی زندگی میں عمل پیرا رہے ۔ انہوں نے نہ صرف بیمار انسانیت کو شفا بخشی بلکہ رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلی اقدار کی بھی تبلیغ کی۔ حضرت عیسی نے انسانیت کو محبت، امن، رواداری اور ہمدردی کا ابدی پیغام دیا اور کرسمس اس پیغام پر غور و فکر کرنے کا ایک اچھا موقع ہے ۔ ہم بحیثیت مسلمان اللہ تعالی کے عظیم پیغمبروں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے بھی ان کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے قیام پاکستان کے پہلے دن سے ہی پاکستان میں بسنے والی تمام برادریوں کے لیے بلا تفریقِ مذہب، پیشہ یا نسل ، مساوات، آزادی اور تحفظ کی پالیسی کا اعلان کیا ۔ اسی طرح پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو بلا لحاظ ِمذہب، ذات پات اور نسل ، بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے۔حکومت ِپاکستان اقلیتوں سمیت تمام پاکستانیوں کو مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ پاکستان میں شہریوں کو تمام حقوق حاصل ہیں اور انہیں زندگی کے تمام شعبوں میں بااختیار بنانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔ مجھے یہ کہتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ پاکستان میں اقلیتیں ملکی ترقی و خوشحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں ۔ یہ امر ملک بھر میں تمام عقائد کے درمیان بین المذاہب ہم آہنگی اور گہرے اتحاد کا عکاس ہے۔ یہ وہ جذبہ ہے جو ہمیں اپنی نعمتیں اور عزیز اقدار کی خوشی منانے کیلئے ایک خاندان کی طرح جوڑتا ہے ۔
صدر عارف علوی نے کہا کہ اس پر مسرت دن پر میں پاکستان میں بسنے والی تمام اقلیتوں بالخصوص مسیحی برادری کی ملکی سماجی و اقتصادی ترقی ، صحت اور تعلیم کے شعبوں میں خدمات اور کردار کو سراہتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ وہ پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔