کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے بلوچستان کو لاوارث چھوڑدیا ہے۔
انہوں نے بیان میں کہا کہ وسائل سے مالامال بلوچستان حکمرانوں کی نااہلی وبدعنوانی کی وجہ سے آج مسائل وپریشانیوں کے گرداب میں پھنس گیا ہے بجلی ہے نہ پینے کا پانی گیس ہے نہ تعلیم وصحت کی سہولیات ۔بدعنوانی نے بلوچستان کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ۔عوام الناس دیانت دار لوگوں کا ساتھ دیں نیکی وبھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے کا ساتھ دیں برائی ومنکرات کو ختم کرناسب کی ذمہ داری ہے ۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ ناکام نااہل حکومت کی سب سے بڑی ناکامی بدترین مہنگائی ،بھاری سودی قرضوں کا حصول ،بدعنوانی میں اضافہ ہے ۔ حکمرانوں نے اسلام دشمن آئی ایم ایف ورلڈ بنک کی ہدایت پر مہنگائی کا طوفان بر پا کررکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹرولیم واشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں ہردس پندرہ روز میں اضافہ کیاجاتا ہے۔ ڈالر،پٹرول،چینی ،آٹا ملکی تاریخ کے بلند ترین سطح پر پہنچ چکا ہے۔ تبدیلی سرکار عوام کی خوشیاں کھا گئی ۔عمران ڈالر،چینی،پٹرول کی قیمت تین سو روپے کرنے کاارادہ رکھتاہے۔بدعنوان حکومت میں لٹیرے ہمیشہ مالا مال ہوتے ہیں جبکہ عوام کا براحال ہوجاتاہے ۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عدل وانصاف کے اسلامی حکومت کے قیام کیلئے ہر محاذ پرجدوجہد کر رہی ہے حق دو تحریک کی کامیابی سے اہل بلوچستان کو ہمت حوصلہ ملا ہے خواتین نے حق دو تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیکر پورے بلوچستان کی خواتین کو بھی بیدارکیا ہے انشاء اللہ جماعت اسلامی قوم کو مسائل ومشکلات سے نکالنے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے جماعت اسلامی کا ساتھ دیاتو قوم کی تقدیر تبدیل ہوگی بدقسمتی سے عوام سات دہائیوں نے جن طبقات کا ساتھ دے رہے ہیں انہوں نے کوئی مثبت تبدیلی لائی ہے نہ عوام کے مسائل حل کیے نہ کوئی میگاپراجیکٹ لایا ہے بدعنوانی ،بھاری سودی قرضوں ،بے روزگاری اور مہنگائی میں روزافزوں اضافہ ہور ہاہے یہ سب بے حس غافل نااہل بدعنوان حکومت اور ان کی بیوروکریسی کی ناکامی ہے جس کا خمیازہ عوام بھگت رہاہے ہم عوام کو لٹیروں سے نجات دلاکر ملک کو اسلامی اور بلوچستان کو خوشحال بنائیں گے ۔