سرینگر ، کپواڑہ ،پلوامہ اور دیگر اضلاع میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں


سری نگر: سرینگر ، کپواڑہ ،پلوامہ اور دیگر اضلاع کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز نے تلاشی اور محاصرے کی کارروائیاں  شروع کر دی ہیں ۔بھارتی فوج نے ضلع کپواڑہ کے علاقے کرال گنڈ میں تلاشی اور محاصرے کی کارروائی کے دوران لوگوں کو شدید سرد موسم میں گھروں سے باہر نکال کر گھر گھر تلاشی کی کارروائی شروع کی ۔

فوجیوں نے اس دوران ضلع پلوامہ کے علاقے وان پورہ میں 5کلو وزنی دھماکہ خیز مواد برآمد کر کے تباہ کرنے کا دعوی کیا ہے ۔ فوجیوں نے سرینگر، بارہمولہ ، اسلام آباد اور دیگر علاقوں میں بھی اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔ دریں اثنااسلام آباد کے علاقے بجبہاڑہ میں نامعلوم مسلح افرادکی فائرنگ سے بھارتی پولیس کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹرہلاک ہوگیا۔

اے ایس آئی محمد اشرف کو حملہ آوروں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر بجبہاڑہ کے قریب گولیاں ماردیں۔ا سے تشویشناک حالت میں بجبہاڑہ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ بھارتی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاشی شروع کردی ہے۔قبل ازیں سری نگر کے علاقے عیدگاہ میں ایک 45 سالہ شخص روف احمد کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔