لاہور(صباح نیوز) نامور شاعر فیض احمد فیض کے داماد، ممتاز اداکار، ڈرامہ نویس اور پروفیسر شعیب ہاشمی کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ ماڈل ٹاون لاہور کے قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔شعیب ہاشمی طویل علالت کے بعد پیر کو 84 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے، مرحوم کی نماز جنازہ ماڈل ٹاون جی بلاک کی جامع مسجد میں ادا کی گئی جس میں انکے صاحبزادے عدیل ہاشمی، نامور فنکار سہیل احمد، الحمرا آرٹس کونسل کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ذوالفقار علی زلفی سمیت نامور فنکاروں نے شرکت کی۔
جنازے میں شریک نامور فنکاروں نے مرحوم کی فنی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ شعیب ہاشمی ایک ہی تھے ان جیسی شخصیات بار بار پیدا نہیں ہوتیں، وہ ایک بہترین فنکار ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھے انسان بھی تھے جن کی کمی کو ہمیشہ محسوس کیا جائے گا۔شعیب ہاشمی نامور شاعر فیض احمد فیض کے داماد اور سلیمہ ہاشمی کے شوہر تھے، 70 کی دہائی میں اکڑ بکر، سچ گپ اور ٹال مٹول سمیت متعدد ڈرامے لکھے اور اداکاری کے بھی خوب جوہر دکھائے، شعیب ہاشمی کی ادبی خدمات پر انہیں صدارتی ایوارڈ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا۔۔۔