پاکستان کو آٹھ ارب ڈالر اکٹھے کرنے کا نہیں کہا گیا ۔آئی ایم ایف


اسلام آباد(صباح نیوز)انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ(آئی ایم ایف) نے کہا ہے کہ ان خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے کہ آئی ایم ایف نے پاکستان سے آٹھ ارب ڈالر اکٹھے کرنے کا کہا ہے۔

آئی ایم ایف کی پاکستان میں ترجمان ایسٹر  پیریز نے ایک بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف شراکت داروں کی طرف سے خاطر خواہ مالی اعانت حاصل کرنے کے لیے بہترین ممکنہ طریقے سے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔نویں ریوو میں ہونے والی بات چیت میں حکام کی عمل آوری کی کوششوں میں معاونت کے لیے ضروری فنانسنگ اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کہ پاکستان بیرونی ادائیگیاں جاری رکھے، پر کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان کے مقامی میڈیا میں شائع ہونے والی خبر میں یہ دعوی کیا گیا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کو اگلے سات مہینوں میں بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے لیے آٹھ ارب ڈالر کا بندوبست کرنے کو کہا ہے۔