اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے او آئی سی اجلاس کی موثر تشہیر پر وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین چوہدری،وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب اور وزارتِ اطلاعات کے سینئر افسران کے اعزاز میں چائے کا اہتمام کیا،چائے کا اہتمام وزارت خارجہ میں کیا گیا،
وزیر اعظم کے معاون خصوصی علامہ طاہر اشرفی بھی اس موقع پر موجود تھے۔اسپیشل سیکرٹری خارجہ رضا بشیر تارڑ ،سیکرٹری اطلاعات شاھیرہ شاہد، پی آئی او سہیل علی خان، ڈائریکٹر جنرل ایکسٹرنل پبلسٹی عنبرین جان، ایم ڈی اے پی پی مبشر حسن، ایم ڈی پی ٹی وی عامر منظور، ایگزیکٹو پروڈیوسر عون ساہی، وزیر اعظم کے فوکل پرسن برائے ڈیجیٹل میڈیا ڈاکٹر ارسلان خالد، جی ایم ڈیجیٹل میڈیا ونگ عمران غزالی اور وزارتِ خارجہ کے سینئر افسران نے شرکت کی،
وزیر خارجہ نے 19 دسمبر کو او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس اور اس کے اغراض و مقاصد کی پاکستان سمیت دنیا بھر میں موثر تشہیر پر وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ان کی خدمات کو سراہا،شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اللہ رب العزت نے وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو ایک تاریخی، سفارتی کامیابی سے نوازا، افغانستان کے حوالے سے منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے،
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان اپنی موثر سفارت کاری کی وجہ سے پوری دنیا کا مرکز بن چکا ہے، پاکستان مارچ 2022 میں او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے اڑتالیسویں اجلاس کی میزبانی کرنے کیلئے پر عزم ہے۔