اسلا م آباد(صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں نیب کی درخواست پر القادر ٹریسٹ کیس میں گرفتار کیا گیا ۔ اس گرفتاری کے بعد ہر کوئی جاننا چاہتا ہے کہ آخر القادر ٹرسٹ کیس کیا ہے؟
واضح رہے کہ گزشتہ سال وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی پر بزنس ٹائیکون سے ساز باز کر کے القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کی زمین لینے کا الزام عائد کیا تھا۔انہوں نے کہا تھا کہ نجی ہاوسنگ سوسائٹی نے جس کا 50 ارب روپیہ ایڈجسٹ کیا گیا، اس نے 458 کنال کی جگہ کا معاہدہ کیا جس کی مالیت کاغذات میں 93 کروڑ روپے جبکہ اصل قیمت پانچ سے 10 گنا زیادہ ہے اور یہ زمین نجی سوسائٹی نے القادر ٹرسٹ کے نام پر منتقل کی، اس زمین کو ہاوسنگ سوسائٹی نے عطیہ کیا اور ایک طرف دستخط نجی ہاوسنگ سوسائٹی کے عطیہ کنندہ کے ہیں اور دوسری جانب سابق خاتون اول بشری بی بی کے ہیں، یہ قیمتی اراضی القادر ٹرسٹ کے نام پر منتقل کی گئی جس کے دو ہی ٹرسٹی ہیں جس میں پہلی بشری خان ہیں اور دوسرے سابق وزیر اعظم ہیں۔
قومی احتساب بیورو(نیب) کے مطابق ملک کے معروف بزنس ٹائیکون نے سابق وزیرِاعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ کو القادر ٹرسٹ یونیورسٹی کے لیے جہلم میں 458کنال 4 مرلے اور 58 مربع فٹ زمین عطیہ کی جس کے بدلے میں مبینہ طور پر عمران خان نے بزنس ٹائیکون کو 50 ارب روپے کا فائدہ پہنچایا تھا۔گزشتہ سال اکتوبر 2022 میں نیب نے تحقیقات شروع کردی تھی۔ نیب دستاویزات کے مطابق 3 دسمبر 2019 کو عمران خان کی زیرِ صدارت کابینہ اجلاس میں بزنس ٹائیکون کو برطانیہ سے ملنے والی 50 ارب روپے کی رقم بالواسطہ طور پر واپس منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا تھا۔
رقم این سی اے کی جانب سے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سے منی لانڈرنگ کے الزامات پر ضبط کی گئی تھی۔عمران خان نے چار سال قبل ریئل اسٹیٹ ڈویلپر کے حوالے سے کابینہ کے فیصلے کے چند ہفتوں کے اندر القادر یونیورسٹی پروجیکٹ کے لیے ٹرسٹ رجسٹر کیا تھا جو بعد میں یونیورسٹی کے لیے ڈونر بن گیا۔نیب کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹرسٹ کی رجسٹریشن سے صرف 3 ہفتے پہلے عمران خان کی کابینہ نے نیشنل کرائم ایجنسی کے ذریعے پاکستان کو ملنے والی رقم واپس ملک ریاض کو بالواسطہ طور پر واپس کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔نیب راولپنڈی نے اس معاملے میں کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کا نوٹس لیتے ہوئے نیب آرڈیننس 1999 کے تحت پرویز خٹک، فواد چوہدری اور شیخ رشید سمیت 3 دسمبر 2019 کی کابینہ اجلاس میں موجود تمام ارکان کو علیحدہ علیحدہ تاریخوں پر طلب کیا تھا۔2019 میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) نے بزنس ٹائیکون کے خلاف تحقیقات کیں اور پھر تحقیقات کے نتیجے میں بزنس ٹائیکون نے تصفیے کے تحت 190 ملین پاونڈ کی رقم این سی اے کو جمع کروائی۔
اس تصفیے کے نتیجے میں حاصل ہونے والی 190 ملین پانڈز کی رقم ریاستِ پاکستان کی ملکیت ہے جسے پاکستان منتقل کردیا گیا۔تاہم پاکستان میں پہنچنے پر کابینہ کے فیصلے کے تحت رقم قومی خزانے کے بجائے سپریم کورٹ کے اکانٹ تک پہنچی جس میں بزنس ٹائیکون کراچی کے مقدمے میں سپریم کورٹ کو 460 ارب روپے کی تصفیے کے ذریعے قسطوں میں ادائیگی کر رہے ہیں۔نیب کے مطابق ملزم سے ضبط شدہ رقم واپس اسی کو مل گئی جبکہ یہ رقم ریاستِ پاکستان کی ملکیت تھی مگر اسے ملک ریاض کے ذاتی قرض کو پورا کرنے میں خرچ کیا گیا۔2019 میں عمران خان کی سربراہی میں کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا اور معاملے کو حساس قرار دے کر اس حوالے سے ریکارڈ کو بھی سیل کردیا گیا تھا۔گزشتہ دنوں نیب نے اس کیس میں انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا تھا۔
یہ نیب کی تحقیقات کا اگلا مرحلہ ہوتا ہے جس میں گرفتاریاں عمل میں لائی جاتی ہیں۔اس سے قبل نیب القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم اور ان کی کابینہ کے خلاف اختیارات کے غلط استعمال، کرپٹ پریکٹیسز اور برطانیہ سے موصول ہونے والی جرائم کی رقم کی وصولی میں اعتماد کی مجرمانہ خلاف ورزی کی انکوائری کررہا تھا۔ انکوائری کے بعد نیب کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ اس انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کرنے کے لیے مناسب مواد مل گیا۔نیب میں جب کوئی کیس بنتا ہے تو وہ عموما 4 مراحل سے گزرتا ہے جس میں سب سے پہلا مرحلہ شکایت کی تصدیق ہوتا ہے جس میں چھان بین کی جاتی ہے۔ اگر تصدیق کے عمل میں کچھ کامیابی ملتی ہے تو اگلے مرحلے میں انکوائری کا آغاز کیا جاتا ہے ۔انکوائری کے بعد اگر تحقیقات آگے بڑھانے کے لیے ثبوت مل جائے تو اس انکوائری کو اگلے مرحلے میں انویسٹی گیشن میں تبدیل کیا جاتا ہے جس کے بعد نیب عدالت میں ریفرنس فائل کیا جاتا ہے۔ نیب نے ماضی میں انکوائری کے مرحلے میں بھی سیاسی اور دیگر افراد کے خلاف گرفتاریاں کی ہیں۔۔