رواں ماہ تجارتی خسارے میں اضافہ معاشی تباہی کی علامت ہے،شہباز شریف


لاہور (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ اس ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ5  ارب ڈالرسے زیادہ ہونا معاشی تباہی کی علامت ہے ۔ موجودہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں تجارتی خسارہ ریکارڈ 20ارب 648ملین ڈالر کا ہو چکا ہے۔

ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ جس ملک میں جی ایس ٹی پہلے ہی زیادہ ہے، وہاں 17 فیصد کا اشیائے ضروریہ پہ اطلاق سے مہنگائی مزید بڑھ جائے گی۔اشیائے ضروریہ یا ایس پی آئی کی قیمتوں میں پہلے ہی19.5فیصد مہنگائی کا خود حکومت اعتراف کر رہی ہے۔

مشیر خزانہ کبھی مہنگائی میں کمی اور کبھی اضافے کے متضاد بیانات دے رہے ہیں۔کبھی کہاجاتا ہے کہ پاکستان سستا ترین ملک ہے اور کبھی ملبہ عالمی حالات پر ڈالا جاتا ہے۔منی بجٹ مسلط کرنے، قوم اور ملک کے مستقبل سے کھیلنے کے بجائے حکومت استعفیٰ دے۔ ZS