چاہتے ہیں الیکشن کمیشن با اختیار ہو،اعظم سواتی


اسلام آباد (صباح نیوز)وزیر ریلوے اعظم سواتی نے کہا ہے کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن با اختیار ہو،ای وی ایم پر الیکشن کمیشن اچھے فیصلے کرنے والا ہے۔

الیکشن کمیشن میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعظم سواتی نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں الیکشن کمیشن با اختیار ہو، الیکشن کمیشن کا شکریہ ادا کرتا ہوں میری معذرت قبول کی،ای وی ایم پر الیکشن کمیشن اچھے فیصلے کرنے والا ہے، ای ایم کے ذریعے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کی جائے گی،، اندرونی اور بیرونی طاقتیں نہیں چاہتیں کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملے، انشاء اللہ تعالیٰ الیکشن کمیشن بھی اور عمران خان کی حکومت بھی ان کو ان کا بنیادی حق دلائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ای وی ایم ایک ایسا طریقہ کار ہے کہ ٹیکنالوجی کے  ذریعے جس طرح دنیا کے بہت سے ممالک کے اندر لوگوں کے ووٹ کے تقدس کی حفاظت کی جاتی ہے بالکل اسی طرح ایک شفاف الیکشن کروانے کے لئے اس آزاد اور خود مختار ادارے کو مالیات، تنظیم اور ہیومن ریسورس کی فراہمی کے حوالے سے مضبوط بنایا جائے گا تاکہ ان کے اپنے بنیادی قانونی اورآئینی فرائض کی ادائیگی کے اندرحکومت کی طرف سے کوئی کسی قسم کی بھی کمی محسوس نہ ہو۔میں نے الیکشن کمیشن کے ممبران سے بھی یہی بات کی ہے کہ الیکشن کمیشن کو مستحکم کرنے کے لئے حکومت آپ کے ساتھ کھڑی ہو گی اورہم سب آپکے ساتھ کھڑے ہوں گے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان جو پاکستان کے آئین کے تحت ایک اہم ترین ادارہ ہے، صاف اورشفاف الیکشن کرانا ان کی ذمہ داری ہے ، اس میں نہ صرف حکومت، ہرشہری، ہر وزیر اور مشیر کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کام میںان کا ہاتھ بٹائے۔ جو کچھ ماضی میں ہوا اس کے لئے ہم نے اعظم سواتی کی طرف سے معذرت کرلی، الیکشن کمیشن آف پاکستان ایک اہم ادارہ ہے اوراس کا درجہ ایک ماں، باپ کی طرح ہوتا ہے، کیوں کہ ان کی اتنی بڑی ذمہ داری ہے، ان کے سامنے معذرت کرنا اوران کا وقار اونچا کرنا یہ ایک شہری کی ذمہ داری ہے اوریہ ذمہ داری اعظم سواتی نے آج نبھائی ۔

میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کا بھی مشکور ہوںکہ انہوں نے بھی ہمیں یہی کہا حکومت کو چاہئے کہ ہمارے ساتھ مل کر کام کرے، ہمارا ہاتھ آگے بڑھائیں تاکہ ہم جمہوریت جو ہرپاکستانی کیلئے اتنی ضروری ہے اس کو ہم مضبوط کرسکیں، تو انشاء اللہ یہی ہو گا، چاہے ای وی ایم کا ایشو ہو ، چاہے وہ اوورسیز ووٹنگ کا ایشوہو ،ہم نے مل کر چلنا ہے اور ہم مدد کرنی ہے ، حکومت کی بھی آئینی ذمہ داری ہے اوروہ ذمہ داری ہم پوری طرح نبھائیں گے اورلوگ مستقبل میں ایک نیا دور دیکھیں گے۔