اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر برائے خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ورلڈ بینک کے ساتھ پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کو خصوصی اہمیت دے رہا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو عالمی بینک کی نائب صدر برائے انسانی ترقی ممتا مورتی کی سربراہی میں وفد سے فنانس ڈویژن میں ملاقات کے دوران کیا۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے ریونیو طارق محمود پاشا، سیکریٹری خزانہ، سپیشل سیکریٹری خزانہ، اور فنانس ڈویژن کے دیگر سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیر خزانہ نے عالمی بینک برائے انسانی ترقی کے نائب صدر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک کے طور پر عالمی بینک کے کردار کو سراہا۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں عالمی بینک کے ترقیاتی منصوبوں کی تعریف کی اور ملک کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے عالمی بینک کی جانب سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد پر شکریہ ادا کیا۔ نائب صدر مورتی نے انسانی سرمائے میں سرمایہ کاری کی اہمیت پر زور دیا، خاص طور پر تعلیم، صحت اور غذائیت، سماجی تحفظ، آبادی پر قابو پانے اور خواتین کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے نفاذ میں مقامی ملکیت اور کمیونٹی کی شراکت کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔پاکستان میں بھی اسی طرز عمل کو شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خزانہ نے نائب صدر کو عوام کی ترقی اور ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے انسانی ترقی کے اہم شعبوں سے متعلق حکومت کی پالیسیوں اور پروگراموں کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں پائیدار ترقی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے عالمی بینک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے حکومت کے عزم کا بھی اظہار کیا۔۔