وزارتِ خارجہ سری نگر میں مجوزہ جی 20 اجلاس کے پیچھے بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کی کوششیں تیز کرے،ڈاکٹر عارف علوی


اسلام آباد(صباح نیوز)صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزارتِ خارجہ کو ہدایت کی ہے کہ سری نگر میں مجوزہ جی 20 اجلاس کے پیچھے بھارتی عزائم بے نقاب کرنے کی کوششیں تیز کی جائیں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر برائے آزاد کشمیر پاکستان محمود ساغر نے سری نگر میں مجوزہ جی 20 اجلاس بارے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو خط لکھا تھا۔صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے محمود ساغر کاخط وزارتِ خارجہ کو بھجواتے ہوئے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ وزارتِ خارجہ متنازع علاقے میں اجلاس کے انعقاد کے پیچھے بھارتی عزائم کو بے نقاب کرے۔

کنوینر حریت کانفرنس نے صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جی 20 اجلاس کے انعقاد کا اقدام نئی دہلی کی کثیر الجہتی، کثیر المحاذ مہم کا حصہ ہے۔حریت کانفرنس کے کنوینر نے اپنے خط میں کہا ہے کہ بھارت جموں و کشمیر تنازع کے بارے میں ابہام پیدا کرنا چاہتا ہے، بھارت کشمیر کی بین الاقوامی اور قانونی حیثیت کو کمزور کرنا چاہتا ہے۔

کنوینر حریت کانفرنس کا خط میں کہنا ہے کہ بھارت اس تصور کو مضبوط کرنا چاہتا ہے کہ کشمیر اس کا اندرونی معاملہ ہے، بھارت دنیا کی توجہ اصل مسئلے سے ہٹانا اور زمینی حقائق چھپانا چاہتا ہے۔حریت کانفرنس کے کنوینر نے صدرِ پاکستان کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ بھارت نے ڈھٹائی سے 2019 میں یک طرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو تبدیل کیا۔