سپریم کورٹ کا آزادکشمیر حکومت کو اگست 2022 سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم


میرپور(صباح نیوز)سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر کے فل بینچ نے حکومت آزاد کشمیر کو 6 ماہ میں 2017 کی مردم شماری کے مطابق حلقہ بندیاں کرکے بلدیاتی  الیکشن کرانے کا حکم دے دیا ۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آزاد جموں وکشمیر کے چیف جسٹس راجہ سعید اکرم جسٹس خواجہ نسیم احمد جسٹس رضا علی خان جسٹس یونس طاہر پر مشتمل فل بینچ نے تاریخ ساز فیصلہ سناتے ہوئے حکومت آزادکشمیر کو اگست 2022 سے پہلے بلدیاتی انتخابات کرانے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے 2017 کی مردم شماری کے مطابق جمع بندیوں کیلئے الیکشن کمیشن کو ڈائریکشن دی ہے۔

عدالت میں الیکشن کمیشن حکام کے علاوہ حکومت کی جانب سے سیکرٹری  لوکل گورنمنٹ اعجاز احمد اور اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل ملک ساجد پیش ہوئے یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر آزادکشمیر کے طول و عرض میں خوشی و مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے اور سیاسی بنیادوں پر ایڈجسٹمنٹ کے خواہاں کو مایوسی کا سامنا ہے۔