اسلام آباد (صباح نیوز)جنوبی ایشیاکے ممالک میں تعاون کی تنظیم(سارک)کے سیکریٹری جنرل ارسلہ رووان ویراکون پاکستان کے چار روزہ دورے پر کل (بدھ کو) اسلام آباد پہنچیں گے۔
مارچ 2020 میں سارک کے سیکریٹری جنرل کا منصب سنبھالنے کے بعد ان کا پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سیکریٹری جنرل سارک اپنے دورے کے دوران وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے علاوہ دیگر اعلی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔یہ دورہ پاکستان کی سارک کے قیام کے مقاصد و اصولوں سے وابستگی کے اعادہ ، سارک کے ساتھ تعاون کے مختلف پہلوں پر ہمارے نکتہ نظر کے بیان اور خطے میں امن، سلامتی اور ترقی کے لئے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
سارک کے بانی رکن کے طور پر پاکستان تنظیم کے منشور میں بیان کردہ مقاصد واہداف پر پیش رفت کے لئے پرعزم ہے اور سارک عمل اور اس کی سرگرمیوں میں ہمیشہ فعال کردار ادا کیا ہے۔پاکستان نے خطے میں تعاون، باہمی اعتماد، معاشی یکجائی کے فروغ اور سماجی وثقافتی ترقی کے سارک کے مقاصد کے حصول میں نمایاں کاوشیں کی ہیں۔