یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا ، لیاقت بلوچ

تربت(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہاکہ یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر مزدوروں کے لیڈرچار ماہ سے جرم بے گناہی وجھوٹے مقدمات میں قید مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے اظہاریکجہتی کیلئے ملک بھر میں احتجاج کیا جائیگا مولانا کی گرفتاری ،جھوٹے مقدمات ،گوادر وبلوچستان کے مظلوموں کے حوالے سے عدالت کا دوہرامعیار ،قومی جماعتوں ،قومی میڈیا کی خاموشی پر خاموش نہیں رہیں گے ۔مولانا کا جرم لٹیروں کے خلاف آوازبلند کرنا اور جمہوری حقوق کیلئے قانونی جدوجہد ہے ۔اہل بلوچستان بھی یکم مئی کو بلاتفریق نکل کر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کیلئے آوازبلند کریں ۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے دورہ گوادر،تربت کے دوران حق دوتحریک وجماعت اسلامی کے ذمہ داران وکارکنان اجلاس  ،گوادرمیں وکلاء رہنمائوں سے ملاقات ، جماعت اسلامی کیچ ذمہ داران سے ملاقات کے دوران گفتگومیں کیا اس موقع پر جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر راشدنسیم ،صوبائی نائب امراء مولانا عبدالکبیر شاکر،بشیراحمدماندائی ،مولانا لیاقت بلوچ ،ماسٹرعبدالمجید ،یعقوب جوسکی ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جماعت اسلامی مظلوموں کا ساتھی اورظلم کے خلاف ہر فورم پر آوازبلند کررہی ہے سینٹ قومی اسمبلی سمیت سپریم کورٹ اور عوامی عدالت میں جماعت اسلامی مولانا ہدایت الرحمان سمیت بلوچستان کے مظلوموں کیلئے جدوجہد کر رہی ہے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ مزدوروں مظلوموں اور محنت کشوں کا لیڈر ثابت ہوا ،مولانا نے عوام کو حقوق کے حصول ،ظلم کے خلاف جدوجہد کاشعوردیا جب تک عوام اپنے حقوق کیلئے باہر نہیں آئیں گے ظالموں لٹیروں بھتہ خوروں کے خلاف جمہوری جدوجہد نہیں کریں گے تب تک عوام کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنے والے نااہل ناکام لیڈرزانہیں استعمال کریں گے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے جرات وبہادری اور ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے حقوق کے حصول کیلئے حق دوکے پلیٹ فارم سے عوام کو منظم کیا گوادر سمیت بلوچستان کے مظلوموں کی آوازبن گئی ۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا جرم مظلوموں کا ساتھ دینااور ظالموں لٹیروں بھتہ خوروں اورجرائم پیشہ افراد کے خلاف آوازبلند کرنا ہے یکم مئی کو اہل بلوچستان سمیت پورے ملک کے مزدور ومحنت کشوں سیاسی کارکنوں انسانیت سے محبت کرنے والے سب باہر آئیں گے اورمولانا ہدایت الرحمان بلوچ پر بنے جھوٹے مقدمات ،مولانا کو چار ماہ سے قید میں رکھنے کے خلاف احتجاج کریں گے جماعت اسلامی گوادر وبلوچستان کے مظلوموں کا ساتھ دیکر یکم مئی کے احتجاج کو کامیاب بنائیگی ہم بلوچستان کے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔یکم مئی کو امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی کال پر گوادرکے عوام سے اظہار یکجہتی ،مولانا ہدایت الرحمان کی رہائی ،مسائل کے حل،ناجائز جھوٹے مقدمات ختم کرنے کیلئے منایا جائیگا ملک بھر کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرزپر ریلیاں مظاہرے ہوں گے اور گوادر وبلوچستان کے عوام سے اظہاریکجہتی کیاجائیگا