سری نگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ کشمیر محکمہ بجلی کے ہڑتالی ملازمین کی حمایت کرتے ہوئے انکے مطالبات کو تسلیم کیے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس ( میرواعظ ) نے حکام کی جانب سے جموں و کشمیر کے اثاثوں کی نجکاری اور پاور ڈیپارٹمنٹ کو پاور گرڈ کارپوریشن آف انڈیا میں ضم کرنے کے فیصلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ جماعتی حریت کانفرنس ترجمان نے بیان میں کہا ہے کہ ہندوستان میں کسی اور جگہ پر اس طرح کا انضمام نہیں ہوا جیسا کہ یہاں حکام کر رہے ہیں۔ اس طرح سے یہ واضح ہو جاتا ہے کہ بھارتی حکومت کی طرف سے جموں و کشمیر کے قدرتی وسائل پر قبضے کی پالیسی جاری ہے، جس سے قدرتی طور پر لوگوں میں اضطراب اور بے چینی پیدا ہوئی ہے۔
حریت کانفرنس کا مزید کہنا ہے یہ بدقسمتی کی بات ہے پانی اور دیگر قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود جموں و کشمیر میں سات دہائیوں کے بعد بھی بجلی کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا، جس اس کا خمیازہ سردیوں میں کشمیریوںاور جموں اور چناب کے عوام کو گرمیوں میں بھگتنا پڑتا ہے۔انہوں نے ہڑتال ملازمین اور حکام کے مابین تعطل پر انتظامیہ کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا: مسئلے کو حل کرنے کے بجائے اقتدار میں رہنے والے جموں و کشمیر کے لوگوں کو بے اختیار کرنے اور ہمارے وسائل پر قبضہ کرنے کے اپنے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ حکام ایسی پالیسیوں سے باز آ جائیں اور ہڑتالی ملازمین کا مطالبہ تسلیم کریں۔