پشاور(صباح نیوز) اسلام آباد میں گزشتہ روز ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مفتی عبدالشکور کو آبائی علاقے تاجبی خیل کے قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔
مفتی عبدالشکور کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں ارکان قومی اسبملی محسن داوڑ، مولانا محمد انور، محمد خان شیرانی شریک ہوئے۔نمازِ جنازہ میں کمشنر بنوں ڈویژن، ڈپٹی کمشنر لکی مروت، جے یو آئی کارکنان اور بڑی تعداد میں شہریوں نے بھی شرکت کی۔ اتوار کی صبح مفتی عبدالشکور کی میت کو اسلام آباد سے لکی مروت پہنچایا گیا تھا۔
علاقے میں پولیس کی جانب سے سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا تھا، جنازہ گاہ اور راستوں میں پولیس نفری تعینات کی گئی۔خیال رہے ہفتے کومفتی عبدالشکور کی گاڑی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اس وقت حادثے کا شکار ہو گئی تھی جب وہ ایک دوست کی طرف افطاری کے بعد وہ بغیر پروٹوکول کے خود گاڑی ڈرائیو کر کے سیکریٹریٹ کی طرف جا رہے تھے۔
حادثے کے بعد اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا تھا کہ سیکرٹریٹ چوک کی طرف جاتے ہوئے ایک ہائی لکس ریوو نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری، مفتی عبدالشکور کو پولی کلینک منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔