حکومت مہنگائی پر قابو پانے،عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ،مولانا عبدالحق ہاشمی

 کوئٹہ (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ موجودہ حکومت پی ٹی آئی ودیگر سابقہ حکومتوں کا تسلسل ہے حکومت   مہنگائی پر قابو پانے،عوام کو ریلیف دینے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ ہر چیز کی قیمتوں میں کئی کئی گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔مافیازکی حکومت میں کبھی چینی غائب ہوتی ہے تو کبھی آٹاغائب ہوتاہے قلت پید اکرکے قیمتوں میں اضافہ کرکے واپس مارکیٹ میں لے آتے ہیں پھل اور سبزیاں توعام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔اب تو غریب دال روٹی بھی نہیں کھا سکتا کیونکہ دالیں بھی گوشت کی قیمت میں مل رہی ہیں۔حکومت عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے سستے بازار بھی لگاتی ہے جہاں کئی کئی خالی اسٹال یابرائے نام باسی سبزیاں اورخراب اور گلے سڑے پھل منہ مانگے داموں بک جاتے ہیں ۔ حکومتی کارندے دکانداروں سے اپنا کمیشن لیکر غائب ہوجاتے اور دکانداروں کو عوام کی جیب پر ڈاکہ ڈالنے کی کھلی چھوٹ دے دی جاتی ہے ۔مہنگائی نے غریب کیلئے روزے جیسی عبادت بھی مشکل بنادی ہے ۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت اگر واقعی رمضان المبارک میں غریبوں کو ریلیف دینا چاہتی ہے تو اسے فوری طور پر آٹا ،چینی ،گھی اور دالیں خود خرید کر غریب بستیوں ،دیہاتوں ،گوٹھوں اور شہروں کے پسماندوں علاقوں میں عوام کو سستے داموں فروخت کرنی چاہئیں ۔ہر سال حکومت کی طرف سے اربوں روپے کی سبسڈی کے اعلانات ہوتے ہیں ،وہ اربوں روپے قومی خزانے سے نکل جاتے ہیں مگر کہاں جاتے ہیں کسی کو معلوم نہیں ہوتا ،غریب اسی طرح مہنگی چیزیں خریدنے پر مجبور ہوتے ہیں۔ دودھ کی قیمتوں میں کمی بہت ضروری ہے ۔اسی طرح سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کوکنٹرول کرنے کی ضرورت ہے ۔رمضان جو اللہ سے ڈرنے اور اس کا تقویٰ اختیار کرنے کا درس دیتا ہے ،ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خور وں نے اس ماہ مبارک کو لوٹ کھسوٹ کا مہینہ بنا لیا ہے ۔حکومت اگر چند شہروں سے بڑے بڑے ذخیرہ اندوزوں ، نامی گرامی منافع خوروں اور عوام کا خون نچوڑنے والوں کو پکڑ کر حوالاتوں میں بند کردے تو چند دن کے اندر مہنگائی پر قابو پایاجاسکتا ہے ۔

مسلمانوں کے معاشرے میں رمضان کی آمد ایک اہم اطلاع اور خوشخبری کی حیثیت رکھتی ہے ۔ ہر دل کی کلی کھل جاتی ہے ۔ ہر مرجھایا ہوا چہرہ چمک اٹھتاہے ۔ برگ و بار لانے کی کیفیت سے سرشار ہو جاتاہے، یہ چمک دمک اصلاً ایمان کی چمک دمک ہے ۔ جس کے دل کے اندر ایمان کا جتنا ذخیرہ ہو گا ، ایمان کی جتنی جمع پونجی ہو گی رمضان المباک کا ہر لمحہ رحمت کا لمحہ ہوتاہے اور اس کی ہر ساعت بندگان رب کی بخشش، مغفرت اور بارگاہ رب العزت میں قربت کا پروانہ لے کر آتی ہے ۔

نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی اس دعا میں جہاں آپ ۖ کے اشتیاق اور انتظار کااور اس ماہ مبارک کی برکتوں کے بارے میں لوگوں کو متنبہ اور متوجہ کرنے کا اظہار ہوتاہے، وہیں حقیقت یہ ہے کہ دعا کے نتیجے میں انسان اپنے آپ کو اس کھونٹے سے بھی باندھ دیتاہے کہ جس سے بندھے ہونے کے بعد ہی بندگی ٔ رب کے تقاضے پورے ہوتے ہیں ۔حکومتی نااہلی ناکامی کی وجہ سے عوام رمضان المبارک میں بھی مہنگائی غربت بے روزگازی ،قیمتوں میںبدترین اضافے کی وجہ سے پریشان رہتے ہیں حکومت عوام کو ریلیف دیں قیمتوں میں کمی کرتے ہوئے دکانداروں تاجروں کو پابند کریں کہ اس ماہ مبارک کو ناجائز کمائی کا ذریعہ نہ بنائیں