کراچی(صباح نیوز)الخدمت کراچی کے تحت جعفرآباد بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کیلئے فی گھر 200 گز کی اراضی پر 500 گھروں کی تعمیرات کا کام تیزی سے جاری ہے ۔ پہلے مرحلہ میں 140 پکے مکانات متاثرین کے حوالے کیے جائیں گے ۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر الخدمت کراچی راشد قریشی ،ڈائریکٹر ڈیز اسٹر مینجمنٹ و کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین ، سینئر منیجر ڈیزاسٹر مینجمنٹ سرفراز شیخ اورمنیجر آیچ آر فرید احمد نے پروجیکٹ کا دورہ کیا اور اس موقع پر الخدمت کے مقامی ذمہ داران بھی موجود تھے ۔
جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر راشد قریشی نے کہا کہ سید ابو اعلیٰ مودودی سے موسوم 500 مکانات پر مشتمل ہاؤسنگ پروجیکٹ میں 5 بلاک بنائے جائیں گے جو میاں طفیل احمد ، قاضی حسین احمد ، سید منور حسن ، نعمت اللہ خان ، مولانا عبدالحق بلوچ سے موسوم ہوں گے ۔
انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ میں پارک ، مسجد ، اسکول ، میڈیکل سینٹر شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت سیلاب سے متاثرہ بے گھروں کے لیے مکانات تعمیر کررہی ہے ۔یہ الخدمت کے اس وعدے کی کڑی ہے جو الخدمت نے سیلاب کے دنوں میں کیا تھا ۔منصوبے میں ہمیں مخیر حضرات کا تعاون حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت تمام کام رضا الٰہی کے لیے کر رہی ہے ۔ڈائریکٹر ڈیز اسٹر مینجمنٹ و کمیونٹی سروسز قاضی سید صدر الدین نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی سیلاب کی آمد کے بعد سے ہی مدد کر رہے ہیں ۔
الخدمت نے ان کی بھرپور مدد کی اور خدمت کی ایک تاریخ رقم کی ۔الخدمت اب بھی ان بے گھر متاثرین کو چھت فراہم کر نے کے لیے کوشاں ہے ،ہماری کوشش ہے کہ 140خاندانوں کو مکانات تعمیر کے بعد رمضان ہی میں ان کے حوالے کر دیئے جائیں تاکہ یہ خاندان عید اپنے نئے گھروں میں منا سکیں ۔انہوں نے کہا کہ اہل خیر متاثرین سیلاب کو رمضان میں یاد رکھیں اوران کی مدد کے لیے الخدمت کا ساتھ دیں ۔