گوادر واہل بلوچستان کو حقوق دینا ہوں گے۔سینیٹر مشتاق احمدخان


کوئٹہ(صباح نیوز)جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما سینیٹرمشتاق احمدخان نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان کو مظلوم عوام کے جائز حقوق کے لیے آواز اٹھانے  پر ڈھائی ماہ سے قید میں رکھا گیا ہے ۔عوام کے نوکر،سیکورٹی فورسز ومنتخب نمائندے حق دوتحریک کے قائدین ،معصوم عوام اور خواتین کو دھمکی نہ دیں ۔

گوادرمیں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی ،مقدمات ختم کرنے کیلئے حق دوتحریک کی عظیم الشان ریلی ومظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے  سینیٹر مشتاق احمدخان نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ عوام کے دلوں میں رہتا ہے حکمران جو بھی غیر قانونی طریقے اختیار کریں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے عوام کی محبت میں کمی نہیں آئیگی۔ حکمرانوں اورمولانا کوقید کرنے والوں کوہر صورت گوادر واہل بلوچستان کو حقوق دینا ہوں گے ۔خواتین نے بہادری کا مظاہرہ کرکے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو حوصلہ ہمت اور لٹیروں سے لڑنے کی طاقت دیکر حقوق کے حصول ،مولانا کی رہائی ومقدمات ختم کرنے کی راہ ہموار کی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کرپٹ آفیسرز،سیکورٹی فورسزپرامن عوام ،جائز جمہوری جدوجہد اور دستوری حقوق مانگنے والوں کو دھمکی دنہ دیں ۔قومی خزانے کو لوٹنے والے مافیازہیں ۔ عوام لٹیروں کے خلاف جماعت اسلامی وحق دوتحریک کاساتھ دیں ۔بلوچستان کے ساحل ،بارڈر،ووسائل لٹیرے حکمرانوں ،لٹیرے سیکورٹی فورسزکیلئے سونے کی چڑیا ہیں ۔کروڑوں روپے ساحل وبارڈرزسے بھتہ وغنڈہ ٹیکس لیا جارہاہے یہ سب قومی خزانے میں نہیں لٹیرے آفیسرزکے جیبوں میں جارہے ہیں۔ اس لیے مولاناہدایت الرحمان بلوچ کو برداشت نہیں کیا جارہا ۔آج مظلوم کے ہاتھوں میں ہتھکڑیاں جبکہ لٹیرے  آزادہیں اُن لٹیروں کی ضمانت ہوجاتی ہے لیکن مولاناہدایت الرحمان بلوچ کو عدالتی جمہو ری انصاف سے محروم کیا جارہاہے ۔۔ اس موقع پر حق دو تحریک کے رہنما حسین واڈیلا ،جماعت اسلامی خواتین کی رہنما سابق ممبر بلوچستان اسمبلی ثمینہ سعید ودیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔خواتین کی ریلی میں جماعت اسلامی خواتین ونگ کا مرکزی وصوبائی وفودبھی شریک رہی ۔

مقررین نے کہاکہ غیرت مند بلوچ خواتین نے تاریخ رقم کی ۔۔مولانا ہدایت الرحمان روشنی ہے روشنی کو کوئی ہتھکڑی نہیں ڈال سکتے ۔حق دوتحریک کا انقلاب بہت قریب ہے ۔ جدوجہد،دستوری، جمہوری مذاحمت جاری رکھیں گے حق دوتحریک کے خلاف تشدد،گرفتاری ومقدمات بنانے والے غیر جمہوری غیر دستوری کام کررہے ہیں ۔حکومت فرض پوراکرتے ہوئے بنیادی ضروریات عوام کو فراہم کریں اور بھتہ خوروں لٹیروں سے نجات دلائیں،حکمران قتل وغارت گری ،چادروچاردیواری ،عوام کی عزت نفس مجروح کرنا اور خواتین پر تشدد بند کریں احتجاج وحقوق کی جدوجہد ختم ہوگی