او آئی سی کانفرنس کے دوران اسلام آباد میں موبائل سروس بند کرنے اور چھٹی کے حوالے سے کیا فیصلہ کیا گیا،شیخ رشید نے بتا دیا


اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں او آئی سی کانفرنس کے دوران پیر کی چھٹی کا فیصلہ کابینہ ڈویژن کرے گا، وفاقی دارالحکومت میں موبائل سروس بند نہیں کی جائے گی۔

سیف سٹی دفتر اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ او آئی سی کی تاریخی کانفرنس اسلام آباد میں پارلیمنٹ میں ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے حوالے سے یہ کانفرنس تاریخی ہو گی، جس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے تمام انتظامات فوج اور دیگر اداروں کی مدد سے کر رہے ہیں۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں وزیرِ اعظم عمران خان کی قیادت میں 41 سال بعد او آئی سی کانفرنس ہو رہی ہے، وزیرِ اعظم اس تاریخی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وزرات داخلہ، چیف کمشنرز اور پولیس نے فیصلہ کیا ہے کہ اس موقع پر وفاقی دارالحکومت میں موبائل سروس بند نہیں کی جائے گی۔

وفاقی وزیرِ داخلہ نے کہا کہ افغانستان کی صورتِ حال سے انسانی مسائل جنم لے رہے ہیں، او آئی سی وزرائے خارجہ کی کانفرنس پڑوسی ملک افغانستان کے مسائل پر تعمیری و تاریخی کردار ادا کرے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ کانفرنس کی وجہ سے لوگوں کو آنے جانے میں مشکلات ہوں گی جس پر پیشگی معذرت چاہتے ہیں۔