عالمی سطح پر کوکین کی پیداوار ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی،ہمیں الرٹ ہونا چاہیے،اقوام متحدہ


نیویارک (صباح نیوز)اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی)نے کہاکہ کووڈ19 کے دوران کوکین کی مانگ میں کمی کے باوجودعالمی سطح پر کوکین کی پیداوار میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی)نے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا کہ عالمی کوکین کی پیداوار کورونا وائرس وبائی امراض کے دوران ہونے کے باوجود دوبارہ بلند سطح پر پہنچ گئی ۔

یو این او ڈی سی کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر غدا ولی نے ایک بیان میں کہا کہ عالمی سطح پر کوکین کی پیداوار اور سپلائی میں اضافے سے ہم سب کو ہائی الرٹ ہونا چاہیے،افریقہ اور ایشیا میں کوکین کی مانگ میں اضافہ ایک خطرناک حقیقت ہے۔ ویانا، آسٹریا میں مقیم یو این ڈی اوسی نے کہا کہ 2020 اور 2021 کے دوران کوکین کی پیداوار میں 35 فیصد اضافہ ہوا ہے جو 2016 کے بعد سے سب سے تیز اضافہ ہے۔ایجنسی نے کوکین کے حوالے سے 2023 کے بارے اپنی عالمی رپورٹ میں کہا کہ جرائم کے نیٹ ورک میں اضافے کے ساتھ ساتھ اس کے خطرناک نتائج رونما ہو رہے ہیں۔انہوں نے اس حوالے سے حکومتوں اور منشیات کی روک تھام کے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ وہ رپورٹ کے نتائج کا باریک بینی سے جائزہ لیں تاکہ یہ تعین کیا جا سکے کہ منشیات کی روک تھام بین الاقوامی اور علاقائی تعاون کی بنیاد پر کیسے کی جائے ۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ بہت سے خطوں میں گزشتہ دہائی کے دوران کوکین استعمال کرنے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا ہے اور کوکین کی مارکیٹ امریکا ،یورپ کے کچھ حصوں میں مرکوز ہے۔رپورٹ میں خبردار کیا گیا کہ افریقہ اور ایشیا میں بڑے پیمانے پر کوکین کا استعمال پھیلنے کا قوی امکان موجود ہے۔شمالی سمندر پر بندرگاہوں جیسے اینٹورپ، روٹرڈیم، اور ہیمبرگ، اور ممالک میں سپین اور پرتگال کوکین کی سپلائی کے لیے اہم مرکز بن چکے ہیں اور سمگلر شمالی امریکا کے علاوہ کوکین یورپ بھیج کر وسطی امریکا میں بھی اپنے راستوں کو متنوع بنا رہے ہیں۔

مزید کہا گیا کہ دنیا بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کوکین کی ترسیل کی روک تھام کی کارروائیوں کے دوران 2021میں ریکارڈ 2,000ٹن تک کوکین قبضے میں لی گئی ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر غدا ولی نے رپورٹ پیش کرنے قبل کہا کہ کوکین کی طلب میں اضافے سے نمٹنا ایک بڑا بین الاقوامی چیلنج ہے اور اس پر نظر ثانی کرتے ہوئے تمام ممالک کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس رپورٹ میں موجود شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ کوکین کا مسئلہ ایک بین الاقوامی اور بین البراعظمی مسئلہ ہے۔