کوئٹہ(صباح نیوز) جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم ،صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کوغیرت مند مجبورمظلوم عوام کیلئے حقوق مانگنے پر دوماہ سے قید میں رکھا گیا ہے ۔گوادر کے عوام کو حقوق دیکر بلوچستان کے عوام کو حقوق کی فراہمی کی راہ ہموار کریں گے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تاکہ مسائل مشکلات اورپریشانیوں سے نجات مل سکیں گوادر کے عوام سے روزگار چھین لیا گیا ہے ٹرالرمافیا،بارڈرمافیااور چیک پوسٹ مافیانے تاجر مچھیروں ،تاجروں اورعوام کے مسائل میں اضافہ کر دیا ہے مولانا ہدایت الرحمان بلوچ جلد رہا ہوکر عوام کے حقوق کے حصول کی جدوجہد شروع کریں گے ۔مولانا بہت بہادر ان کے حوصلے بلند اور مسائل کے حل کیلئے پرامید ہے ۔
ان خیالات کا اظہار مرکزی جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی امیر العظیم کی قیادت میں گوادر جانے والے وفدکے ذمہ داران نے دورہ گوادر کے دوران جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ سے لاک اپ میں ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی ، امیر جماعت اسلامی پنجگور حافظ صفی اللہ ،امیر جماعت اسلامی گوادر ماسٹرعبدالمجید ودیگر ذمہ داران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وفدنے جھوٹے مقدمات قانونی طریقے سے ختم کرنے اور مولانا کی رہائی کیلئے احتجاج کے حوالے سے بھی مشاورت کیا ۔
ملاقات کے موقع پرجماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری ،حق دو تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہاکہ جھوٹے مقدمات،گرفتاریاں،تشدد ہماراراستہ نہیں روک سکتاہم قانونی طریقے سے آئینی حقوق کے حصول ،بھتہ خوروں چوروں لٹیروں عوام دشمنوں کا راستہ روک رہے ہیں۔۔ہم نے مظلوم عوام مچھیروں اور تاجروں کو حقوق دلانے کی قسم کھائی ہے ۔بدقسمتی سے ملک میں قانون وانصاف نہیں ہر طرف بے انصافی لاقانونیت وبدعنوانوں کا دور دورہ ہے ۔جماعت اسلامی ملک کو مسائل سے نجات دلائیگی جماعت اسلامی وحق دوتحریک کے لاکھوں کارکنوں وعوام نے مجھ پر اعتماد کیاانشاء اللہ عوام دشمن بھتہ خور لٹیرے ناکام اور عوام کامیاب ہوں گے۔اس موقع پر امیر العظیم نے کہاکہ جماعت اسلامی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کی رہائی ،گوادرسمیت بلوچستان کے عوام کو حقوق دلانے ظلم سے نجات دلانے کیلئے ہرفورم پر آوازبلند کریگی بدقسمتی سے یہاں قاتل دہشت گرد لٹیرے اور بھتہ خور عوام دشمن آزاد جبکہ عوام کیلئے جائز قانونی حقوق مانگنے والے جیل کے سلاخوں کے پیچھے ہیں#