اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی ذہنی صلاحیتوں کو نکھاریں اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں ، ملک کو درپیش سماجی و اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں مدد کے لیے دانشورانہ وسائل ،آئی ٹی کا علم اور ہنر کو بہتر بنانا ضروری ہے۔
کیڈٹ کالج جعفرآباد بلوچستان کے طلبا اور عملے سے گفتگو کرر ہے تھے جنہوں نے آج ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ قوموں نے سائنس اور تعلیم پر توجہ دے کر ترقی کی ہے۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ 22 ملین بچے سکولوں سے باہر ہیں جبکہ خطے کے ممالک نے پرائمری انرولمنٹ کی شرح تقریبا 100 فیصد حاصل کر لی ہے، انہوں نے کہا کہ ان بچوں کو سکولوں میں لانے کے لیے ٹھوس اور فوری اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ملک کی معاشی صحت کو بہتر بنانے کے لیے نوجوانوں کو ہنر اور تعلیم سے آراستہ کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اپنے قدرتی اور انسانی وسائل دونوں کے لحاظ سے بڑی صلاحیت رکھتا ہے جسے ملک کی ترقی کے لیے مکمل طور پر بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اور صوبے کو دیگر صوبوں کے برابر لانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے سیلاب اور قدرتی آفات کے اثرات کو کم کرنے کے لیے ڈیموں اور پانی کو ذخیرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔صدر نے کالج انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ طلبا کو ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز جیسے انٹرنیٹ آف تھنگز، روبوٹکس، ورچوئل رئیلٹی اور مصنوعی ذہانت کی تربیت دیں، جن کا زندگی کے ہر شعبے میں وسیع اطلاق ہے۔
انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی پڑھائی پر توجہ دیں اور پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔صدر مملکت کو بتایا گیا کہ کیڈٹ کالج جعفرآباد کا قیام 5 مارچ 2009 کو عمل میں آیا، کالج میں ساتویں سے بارہویں جماعت تک کلاسز ہوتیں ہیں۔ کالج سے اب تک بارہویں جماعت کی آٹھ انٹریز(تقریبا 570 )پاس آوٹ ہو چکے ہیں ۔۔