کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز نے علاج اور ٹیسٹ کی قیمتیں 400فیصد تک بڑھادیں


کراچی (صباح نیوز) کراچی کے انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز نے آپریشن، تشخیص، ٹیسٹ اورعلاج کی قیمتیں بڑھادیں۔

کراچی انسٹی ٹیوٹ آف ہارٹ ڈیزیز میں کچھ سہولیات کی قیمتوں میں اضافہ 400فیصد تک ہے۔انتظامیہ کے مطابق ای سی جی، ایکسرے اور وارڈ چارجز 100 روپے سے بڑھا کر 500روپے کردئیے گئے ہیں جبکہ پی پی ایم کی قیمت 5000روپے سے بڑھاکر 25 ہزار روپے کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا بتانا ہے کہ اسپتال حکام نے ایکو کی قیمت 500سے بڑھا کر 1200، ای ٹی ٹی ٹیسٹ 500سے بڑھاکر 1200اور انجیوگرافی کی قیمت 5 ہزار سے بڑھا کر 9ہزار 500روپے کردی ہے۔

دستاویزات کے مطابق مریضوں کے لیے انجیوپلاسٹی 40ہزار روپے سے بڑھاکر 55ہزار اور غیر فعال ایمرجنسی کی پرچی 200روپے سے بڑھا کر 300 روپیکردی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافہ ایڈمنسٹریٹر کی اجازت کے بغیر کیا گیا ہے، اسپتال میں مریضوں کے لیے کسی قسم کی کوئی سہولت موجود نہیں جبکہ کے آئی ایچ ڈی اسپتال کی اپنی ایمرجنسی اس وقت غیر فعال ہے، این آئی سی وی ڈی کا چیسٹ پین یونٹ اسپتال آنے والے مریضوں کو دیکھتا ہے۔