پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔ نجم سیٹھی


لاہور(صباح نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق ہوں گے۔

نجم سیٹھی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں نگراں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لائٹنگ روٹس پر آنے والی لاگت شیئر کرنے پر اتفاق کیا ہے اور اب پاکستان سپر لیگ کے لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے۔پنجاب حکومت اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے درمیان لاہور اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز پر مذاکرات جاری تھے جہاں حکومت پنجاب نے سیکیورٹی کے لیے پی سی بی سے 45کروڑ روپے کی ادائیگی  کا مطالبہ کیا تھا۔پنجاب حکومت نے اس سے قبل ٹیم کو ہوٹلوں سے قذافی اسٹیڈیم تک کے راستے کو روشن کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی لیکن پی سی بی کے ساتھ اس سلسلے میں مذاکرات تعطل کا شکار رہے اور ایک موقع پر ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ پی ایس ایل کو لاہور اور راولپنڈی سے کراچی منتقل کردیا جائے گا کیونکہ سیکورٹی اخراجات پر دونوں فریقین کے درمیان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے تھے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ پنجاب حکومت نے سیکیورٹی فنڈز کے لیے درکار 45کروڑ کے بجائے اپنے مطالبے میں کمی کرتے ہوئے بورڈ سے 25کروڑ کی ادائیگی کا مطالبہ کیا تھا لیکن پی سی بی یہ کہتے ہوئے رقم کی ادائیگی سے انکار کر دیا تھا کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں 2014 میں ہونے والے معاہدے کے تحت ٹیموں کو سیکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔پی سی بی نے اس سلسلے میں بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی اس سلسلے میں گفتگو کی تھی۔