سی ڈی اے اسپتال 14 سال سے نئے ڈاکٹرز کی بھرتی کا منتظر


اسلام آباد(صباح نیوز) حکومتوں کی عدم توجہ کے باعث اسلام آباد کا تیسرا بڑا سی ڈی اے اسپتال 14 سال سے نئے ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف کی بھرتی کا منتظر ہے،

اسپتال کا بیشتر عملہ ریٹائر ہوچکا ہے، ڈاکٹر اور نرسنگ اسٹاف کی عدم تعیناتی کے باعث ہسپتال کے بیشتر ڈیپارٹمنٹ غیر فعال ہیں۔

حکومت کی عدم توجہ کا شکاراسلام آباد کے تیسرے بڑے سی ڈی اے اسپتال میں 14 سال سے نہ تو نئے ڈاکٹربھرتی ہوسکے ہیں اور نہ ہی نئے نرسنگ اسٹاف میں کوئی آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اسپتال کے بیشتر ڈاکٹر اور عملہ ریٹائر ہوچکا ہے ، مشینیں موجود ہیں مگر ان کے آپریٹرز موجود نہیں ہیں۔سی ڈی اے اسپتال میں آپریشن تھیٹر ہے لیکن نہ آپریشن کا سامان ہے اور نہ ہی عملہ ہے مزید یہ کہ انستھیزیا کے لیے ڈاکٹر بھی میسر نہیں ہے۔

شہر اقتدار کے اس اہم اسپتال میں آئی سی یو، ریکوری روم، جنرل سرجریز سمیت کئی اہم شعبے غیر فعال ہیں اور حکومتی توجہ کے منتظر ہیں ۔