راولپنڈی(صبا ح نیوز)سینٹر آف ایڈوانسڈ اسٹڈیز ان ہیلتھ اینڈ ٹیکنالوجی اسپورٹس لیگ سیشن راولپنڈی میں اختتام پذیر ہو گیا۔
معروف ماہر تعلیم اور ممبر پنجاب بورڈ آف ٹیکنیکل ایجوکیشن ماجد افضل اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔انہوں نے لیگ کے شرکا کی جانب سے اسپورٹس مین سپرٹ کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل زندگی سے حاصل ہونے والی سبق کی ایک مشق ہے،کہ کیسے کوئی ناکام ہوتا ہے، دوبارہ کوشش کرتا ہے، ناکامیوں سے سیکھتا ہے اور ہر بار مضبوطی سے پلٹتاہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ان لیگوں سے ملنے والا سب سے اہم سبق ٹیم ورک ہے۔
کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل مارخور 11اور برائٹ فائٹرز کے درمیان کھیلا گیا ۔سنسنی خیز مقابلے کے بعد برائٹ فائٹرزنے فائنل جیت لیا ۔ اس موقع پر فیکلٹی اور طلبا کے درمیان دوستانہ میچ بھی کھیلا گیا ۔لیگ کا آخری دن شہباز شریف سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہوا۔اس موقع پر بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلے منعقد ہوئے ۔
ڈی پی ٹی گلیڈی ایٹرز نے گرلز بیڈمنٹن جیتا، جبکہ مردوں کے بیڈمنٹن کا فائنل برائٹ فائٹرز نے جیت کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی ماجد افضل نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کئے ۔۔