روپے کی قدر میں روزانہ رکارڈ کمی معمول بن چکی ، شیری رحمان


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر اور سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کی چیئرپرسن شیری رحمان نے کہا ہے کہ روپے کی قدر میں روزانہ رکارڈ کمی معمول بن چکی ہے،اس سے معاشی بدحالی میں اضافہ ہو رہا ہے۔ حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کی وجہ سے ڈالر اب 178.15 روپے کا ہو چکا ہے۔ پچھلے 3 سالوں روپے کی قدر میں 55 روپے کمی ہوئی ہے، صرف رواں مالی سال ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر 20 روپے گری ہے۔

ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مہنگائی تشویشناک حد تک 11.5% جبکہ بھارت میں 4.48% اور بنگلہ دیش میں 5.7%ہے۔

شیری رحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہفتہ وار مہنگائی کی شرح 18 فیصد سے زیادہ ہے۔ تباہی سرکار خود کا کون سی دنیا سے موازنہ کر رہی ہے؟ ہر معاشی شعبہ تباہی کے دہانے پر کھڑا ہے۔ تمام اقتصادی اشارے تنزلی کا شکار ہیں۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے مہنگائی کے بڑھتے تخمینوں کی پیشن گوئی حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی ہونی چاہیے۔ تباہی سرکار مہنگائی کے لیے “عالمی قیمتوں” کو ذمہ دار ٹھہراتی رہتی ہے، جبکہ علاقائی افراطِ زر کے اعداد و شمار ایک مختلف کہانی سناتا ہے۔ یہ نوٹس لے کر سمجھتے ہیں سب ٹھیک ہے۔