کراچی (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج پیپلز پارٹی دوبارہ لسانیت کا بیج بوچکی ہے، پی پی نے حقیقت میں سندھ کی عوام کو اقلیت کہا ہے۔
کراچی میں ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی وڈیرہ شاہی اکثریت نے بلدیاتی ترمیمی بل پاس کیا، 1972 کے لسانی بل کو بھی لانے والے یہی لوگ تھے۔انہوں نے کہا کہ جمہوریت کے چیمپئن کی نام نہاد جمہوریت آج سب دیکھ رہے ہیں، ناظم جوکھیو اِسی شہر کا کیس ہے، جس میں اِن کا ایم پی اے ملوث ہے۔
انہوں نے کہاکہ یہ جمہوری بنیادوں پر کبھی جیت نہیں سکتے، بلکہ دولت اور طاقت کی بنیاد پر جیتتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے سندھ میں نئے بلدیاتی قانون کے خلاف 19 دسمبر کو کراچی بچاؤ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین نے مارچ میں شرکت کا اعلان کیا ہے، اب مائیں، بہنیں، بزرگ، بچے اور نوجوان سب کراچی کے حق کے لئے نکلیں گے۔