پاکستان سپر لیگ کو کوئی خطرہ نہیں، ٹورنامنٹ جاری رہے گا، نجم سیٹھی

لاہور (صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ گزشتہ روز کراچی میں کیے گئے دہشت گرد حملے کے باوجود پاکستان سپر لیگ کو کوئی خطرہ نہیں اور ٹورنامنٹ شیڈول کے مطابق جاری رہے گا۔

نجم سیٹھی نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ ثابت ہو چکا ہے کہ کل کیے گئے حملے کا کرکٹ سے کوئی تعلق نہیں تھا لہذا پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے میچز شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ہم مقامی اور غیر ملکی سیکیورٹی ماہرین سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں ہیں جنہوں نے ہمیں یقین دہانیاں کرائی ہے کہ ٹورنامنٹ کو کوئی خطرہ نہیں ہے لہذا اسے جاری رکھا جا سکتا ہے۔

چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نے مزید کہا کہ پی سی بی نے ٹورنامنٹ میں شریک تمام افراد کی حفاظت اور سیکیورٹی کو بہت سنجیدگی سے لیا ہے اور اس سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی، تمام ٹیموں اور آفیشلز کو سربراہان مملکت کی سطح کی سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے غیرمعمولی انتظامات صرف انٹرنیشنل میچوں کے لیے کیے جاتے ہیں جہیں دورہ کرے والی ٹیموں اور ان کے آفیشلز نے بہت سراہا ہے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ ایونٹ کے تمام شرکا کو مکمل حفاظت اور سیکیورٹی کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور ماہرین اور قانون نافذ کرنے والوں کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا تاکہ اس بات کو یقنی بنایا جا سکے کہ کھلاڑیوں اور آفیشلز یہاں سکون سے ہیں اور پاکستان میں اپنے قیام سے لطف اندوز ہوتے ہوئے شائقین کو تفریح کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں۔