بھارتی حکومت کشمیری عوام کیخلاف بلڈوزر کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے۔ متحدہ جہاد کونسل


 مظفر آباد ۔۔۔ متحدہ جہاد کونسل کے جنرل سیکرٹری شیخ جمیل الر حمان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسداد تجاوزات کے نام پر کشمیریوں سے انکی زمینیں چھین کر اورگھروں کو مسمار کر کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہورہا ہے۔عالمی انسانی حقوق کے   ٹھیکدار  تماشائی کیوں بنے ہوئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار متحدہ جہاد کونسل کے جنرل سیکرٹری شیخ جمیل الر حمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ بھارت کشمیری عوام کو آزادی مانگنے کے جرم کی سزا دے رہا ہے حالانکہ کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ اور سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے کے عین مطابق ہے۔

نریندرمودی کی فاشسٹ حکومت کشمیری عوام کیخلاف بلڈوزر کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے اور عام شہریوں کے گھر، ان کی جائیدادیں اور دیگر تعمیرات کومسمار کیا جارہا  ہے۔

جہاد کونسل کے سیکرٹری نے کہا کہ بھارتیہ جنتاپارٹی قابض انتظامیہ کے ذریعے کشمیری شہریوں کو زبردستی ان کی زمینوں سے بے دخل کررہی ہے۔مقبوضہ ریاست کی مسلم شناخت ختم کرنے کی کوشش ہورہی ہے اوران کے بنیادی حقوق چھین کر انہیں بدترین غلامی میں دھکیلنے  کا عمل جاری ہے۔

شیخ جمیل الرحمان نے عالمی برادری سے بالعموم اور مسلم ام کی قیادت سے بالخصوص اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور تر دماغ لیکن مظلوم و مقہور قوم کا صفایا کرنے کی ان منظم کوششوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔جہاد کونسل کے سیکرٹری جنرل نے بھارتی حکومت کی ان چیرہ دستیوں اور مظالم کے خلاف 15فروری کو آل پارٹیز حریت کانفرنس کی طرف سے ہڑتال کی کال کی متحدہ جہاد کونسل کی طرف سے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے واضح کیا کہ حصول منزل تک ہر محاذ پر جدوجہد جاری رکھی جائیگی اور ان شا  اللہ بھارت کا ہر حربہ ناکام بنانے میں ہر ممکنہ اقدام اٹھانے میں پس و پیش نہیں کیا جائیگا۔