چولستان جیپ ریلی میں حادثہ، 4 افراد زخمی


بہاولپور(صباح نیوز)صحرائے چولستان میں 18 ویں ڈیزرٹ جیپ ریلی کے مقابلوں کے آخری روز ریسنگ گاڑی سے کیری ڈبہ ٹکرا گیا جس کے نتیجے میں 4افراد زخمی ہو گئے  جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔

ریسکیوحکام کے مطابق حادثہ دل وش سٹیڈیم سے 2 کلومیٹر دور ریسنگ ٹریک پر پیش آیا، جیپ ڈرائیور ملک جمال اور نیویگیٹر حادثے میں محفوظ رہے۔بہاولپور میں جاری ڈیزرٹ جیپ ریلی کے پری پیئرڈ کیٹیگری کے مقابلوں کے دوسرے مرحلے میں 37 گاڑیاں ٹریک پر روانہ ہو گئیں۔

کوالیفائنگ راونڈ کے فاتح زین محمود سب سے پہلے ٹریک سے روانہ ہوئے جبکہ دوسرے نمبر پر فیصل شادی خیل اور تیسرے نمبر پر صاحبزادہ سلطان کو فلیگ آف کیا گیا ہے۔جیپ ریلی کے آخری روز خواتین کیٹیگری کے مقابلے بھی منعقد ہوں گے۔جیپ ریلی میں 4 خواتین اپنی ڈرائیونگ کی مہارت کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔