راولپنڈی(صباح نیوز)پاکستان اور ایران کی سرحد پر عبدوئی سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں لانس نائیک ظہیر احمد شہید ہوگئے، جوابی کارروائی میں دہشتگردوں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق پاک، ایران سرحد پر بلوچستان کے عبدوئی سیکٹر میں سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گرد گروہ نے حملہ کیا،
اس موقع پر دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لانس نائیک ظہیر احمد شہید ہوگیا تاہم جوابی کارروائی میں حملہ آور دہشت گردوں کو فرار ہوتے ہوئے بھاری جانی نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑکر شہید ہونے والے لانس نائیک ظہیر کا تعلق نوشکی سے ہے، پاکستانی سیکیورٹی فورسز دشمن عناصر کی کارروائیاں ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں تاہم دشمن ایسی کارروائیوں سے بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کے درپے ہے۔