لاہور میں یکم سے 7 نومبرتک تیسرا بین الاقوامی پی اے سی ای ایس مقابلہ منعقد ہو رہا ہے،آئی ایس پی آر


راولپنڈی(صباح نیوز) پاک فوج کے زیر اہتمام لاہور میں یکم سے 7 نومبرتک تیسرا بین الاقوامی فزیکل ایگیلیٹی اینڈ کامبیٹ ایفیشنسی سسٹم(PACES )مقابلہ منعقد ہو رہا ہے۔آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق چھ ممالک عراق، اردن، فلسطین، سری لنکا، ازبکستان اور متحدہ عرب امارات کے 107 فوجی اہلکاروں پر مشتمل دستے میگا ایونٹ میں شرکت کریں گے جبکہ میانمار، انڈونیشیا اور مصر بطور مبصر شرکت کریں گے۔ 121 کھلاڑیوں پر مشتمل پاک فوج کی 9 ٹیمیں بھی شرکت کریں گی۔

چار بین الاقوامی ٹیمیں پہلے ہی لاہور پہنچ چکی ہیں جن میں اردن، فلسطین، سری لنکا اور یو اے ای شامل ہیں جبکہ باقی دو ٹیمیں ازبکستان اور عراق سے کل(اتوار ) 31 اکتوبر 2021 تک پہنچ جائیں گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق افتتاحی تقریب یکم نومبر کو فورٹریس سٹیڈیم میں ہوگی اور اختتامی تقریب 7 نومبر کو ایوب اسٹیڈیم میں منعقد کیا جائے گا۔اس سے قبل لاہور میں 2016اور 2018 میں پہلے اور دوسرے بین الاقوامی پی اے سی ای ایس مقابلے منعقد کیے گئے تھے۔

یہ ایونٹ پاکستان کو ایک پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والی قوم کے طور پر ظاہر کرے گا اور ہمارے ملک کا حقیقی چہرہ پیش کرے گا۔

تربت یونیورسٹی کے طلبا اور فیکلٹی ممبران کادورہ کوئٹہ ،کور کمانڈر سے تبادلہ خیال

 یونیورسٹی آف تربت کے طلبا اور فیکلٹی ممبران نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور کور کمانڈر کوئٹہ کور سے بات چیت کی۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق طلبا اور فیکلٹی ممبران کے گروپ نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنس (BUITEMS) اور تاریخی میر فورٹ کا دورہ کیا جس کے بعد ہنہ جھیل کی سیر کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفد نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سے بھی بات چیت کی جنہوں نے قوم کی تعمیر میں نوجوانوں بالخصوص خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی کیونکہ وہ پاکستان کا مستقبل ہیں۔ وفد نے دورے کے انعقاد، عزم اور بلوچستان میں امن و خوشحالی لانے کے لئے مسلح افواج کی کوششوں کو سراہا۔