کراچی(صباح نیوز) قومی ادارہ صحت (این آئی ایچ)اورآغا خان یونیورسٹی ہسپتال(اے کے یو ایچ)نے تصدیق کی ہے کہ کراچی کی مریضہ میں جینوم سیکوینسنگ کے کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کی تشخیص ہوئی ہے۔
آغا خان یونیورسٹی ہسپتال انتظامیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مریضہ گھر میں آئسولیٹ ہیں اور ان کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ اب تک ہسپتال میں کسی اور مریض میں اومیکرون کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
قومی ادارہ صحت کے مطابق اومیکرون کی تصدیق جینوم سیکوینسنگ مکمل ہونے کے بعد کی گئی، اومیکرون وائرس کا یہ پہلا تصدیق شدہ کیس ہے، اس کے رجحانات کی شناخت کے لیے مشتبہ نمونوں کی مسلسل نگرانی کی جاری ہے۔
قومی ادارہ صحت نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام این سی او سی کی جاری کردہ گائیڈ لائن کے مطابق جلد از جلد ویکسین لگوائیں۔
واضح رہے کہ اب تک ایشیا، افریقہ، مشرقِ وسطی، یورپ اور امریکا میں کورونا کے نئے اومیکرون ویرینٹ کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ ہر گزرتے دن کے ساتھ یہ مزید ملکوں میں ظاہر ہوتا جارہا ہے۔