پی ٹی اے نے ہماری سروس اور تمام پراجیکٹس کو پاکستان میں بلاک کر دیا ہے،وکی پیڈیا

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے توہین آمیز اور غیر قانونی مواد نہ ہٹانے پر بلاک ہونے والی آن لائن انسائیکلو پیڈیا سروس وکی پیڈیا کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وکی پیڈیا کے آفیشل اکائونٹ سے جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ پی ٹی اے نے ہماری سروس اور تمام پراجیکٹس کو پاکستان میں بلاک کر دیا ہے۔وکی پیڈیا کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہمیں پی ٹی اے کی جانب سے یکم فروری کو بتایا گیا کہ وکی پیڈیا کی سروس کو 48 گھنٹوں کے لیے ڈی گریڈ کر دیا گیا ہے اور پھر 3فروری کو غیر قانونی مواد کا جواز بنا کر ہماری سروس کو پاکستان میں مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا۔

آن لائن انسائیکلو پیڈیا کی جانب سے ٹوئٹر پر لکھا گیا ہے کہ ہم معلومات سب انسانوں کے لیے پر یقین رکھتے ہیں اور وکی پیڈیا کی سروس کو پاکستان میں بلاک کرنے کا مطلب ہے کہ دنیا کی پانچویں بڑی آبادی کو بلا معاوضہ معلومات کی رسائی سے محروم کر دیا گیا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو ہر کوئی پاکستان کی تاریخ اور ثقافت تک رسائی سے محروم ہو جائے گا۔

ویب سائٹ کا مزید کہنا ہے ہمیں امید ہے کہ حکومت پاکستان ہر کسی کو معلومات تک رسائی کے حق میں ہمارا ساتھ دے گی اور وکی پیڈیا سروس اور پراجیکٹس کو فوری بحال کرے گی تاکہ پاکستان کے لوگ دنیا بھر میں اپنے معلومات کو شیئر کر سکیں۔