الیکشن کمیشن کی پنجاب اور خیبر پختونخوا کے انتخابات کیلئے رجسٹرار ہائیکورٹس کو جوڈیشل افسران کی خدمات فراہم کرنے کی درخواست

اسلام آباد (صباح نیوز)الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا کی صوبائی اسمبلیوں کے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے پنجاب وخیبر پختونخوا کے رجسٹرار ہائیکورٹس کو عدالتی  افسران کی خدمات فراہم کرنے کی درخواست کر دی، مراسلہ ارسال کر دیا گیا،7فروری کو دونوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور آئی جی پیزکو بریفنگ کے لئے مدعوکرلیا گیا الیکشن کمیشن کے صوبائی حکام بھی شریک ہونگے، ضابطہ اخلاق کے حوالے سے سیاسی پارٹیوں  کے ساتھ  مشاورتی اجلاس 9فروری کو طلب کرلیا گیا ہے ۔

یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ای سی پی کے اہم اجلاس میں کیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ممبران الیکشن کمیشن  ، سیکرٹری الیکشن کمیشن  اوردیگر  سینئر افسران نے شرکت کی۔اجلاس سے متعلق ای سی پی سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں  پنجاب  ، خیبر پختونخوا اور دیگر86نیشنل اسمبلی کی جنرل نشستوں کے انتخابات کے انعقاد اور اب تک کے انتظامات پر بریفنگ دی ۔

انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کی منظوری  کے بعد صوبائی  اسمبلیوں کے لئے آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے رجسٹرار ہائیکورٹ پنجاب اور خیبر پختونخوا کو جوڈیشنل افسران کی خدمات  فراہم کرنے  کے لئے درخواست کر دی گئی ہے ۔ اور اس ضمن  میں مراسلہ بھی تحریر کر دیا گیا  ہے ۔ اجلاس میں کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ الیکشن کمیشن کی میٹنگ منگل کو ہوگی جس میں چیف سیکرٹری پنجاب ، خیبر پختونخوا اور آئی جی پنجاب اور خیبر پختونخوا الیکشن کمیشن کو صوبائی اسمبلیوں کے آئندہ عام انتخابات ، نیشنل اسمبلی کے ضمنی انتخابات ، امن وامان کی صورتحال اور انتخابات سے متعلق دیگر امور پر بریفنگ دیں گے ۔

کمیشن نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ ضابطہ اخلاق  پر سیاسی پارٹیوں  کے ساتھ مشاورتی میٹنگ 9فروری کو ہوگی ۔ جس میں سیاسی پارٹیوں سے ڈرافٹ ضابطہ اخلاق سے متعلق رائے  (Feed Back)لی جائے گی ۔ صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے پر امن انعقاد اور دیگرآئینی اور قانونی امور پر بھی  مشاورت کی جائے گی تاکہ الیکشن کے پرامن انعقاد کو یقینی بنایا جائے ۔اجلاس کے دوران الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کے انعقاد کی تاریخوں سے متعلق بھی مشاورت کی گئی۔