سراج الحق کی اپیل پرملک بھر میں ”یوم یکجہتی بلوچستان” منایا گیا


لاہور(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی اپیل پر اتوار کو ملک بھر میں ”یوم یکجہتی بلوچستان” منایا گیا۔

سراج الحق نے جماعت اسلامی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی رہنمائی میں جاری ”گوادر کو حق دو تحریک” کے تناظر میں بلوچستان بھر کے عوام کو حقوق دینے کے مطالبہ کے تحت دن منانے کا اعلان کیا تھا۔

یوم یکجہتی بلوچستان کے موقع پر جماعت اسلامی کے تحت ملک کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں ہونے والے مظاہرہ کی قیادت نائب امیر جماعت اسلامی میاں اسلم نے کی۔ لاہور میں ہونے والے مظاہروں سے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم و امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب جاوید قصوری نے خطاب کیا۔

لیاری کراچی میں نکالی جانے والی ریلی کی قیادت ایم پی اے سید عبدالرشید نے کی, مظاہرین سے امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خصوصی خطاب کیا۔

جعفرآباد میں نکالی گئی ریلی کی قیادت نائب قیم جماعت اسلامی بلوچستان عبدالمجید بادینی نے کی۔دیگر شہروں میں ہونے والے مظاہروں میں شریک عوام کی بڑی تعداد نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کو ان کے حقوق دیے جائیں، گوادر کے مظاہرین کے تمام مطالبات تسلیم کیے جائیں۔