کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے قیم جماعت اسلامی بلوچستان مولانا ہدایت الرحمن کی زیر قیادت جاری عظیم الشان اور تاریخی حق دو گوادر تحریک کی بھرپور تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تحریک نہ صرف گوادر بلکہ تمام اہلِ بلوچستان کے حقوق کے لیے سنگِ میل کی حیثیت اختیار کررہی ہے، پورا پاکستان اپنے بلوچ بھائیوں بہنوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعاگو ہے کہ اہل بلوچستان کی پریشانیاں اور مسائل دور ہوں ،انہیں اپنے وہ جائز حقوق حاصل ہوں جوانکا حق ہیں اور یہ تحریک جلد کامیابی سے ہمکنار ہو۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق اور امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی کی اپیل پر ملک گیر یوم یکجہتی بلوچستان کے موقع پر اپنے جاری بیان میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تاریخ میں آج تک کوئی سیاسی جماعت اتنی بڑی عوامی تحریک بپا نہیں کرپائی، خواتین کے حقوق کی نام نہاد آرگنائزیشنز اور پارٹیز بھی اتنی بڑی تعداد میں عورتوں کو یکجا اور متحرک نہیں کرپائی، ہر بلوچ کا بلا تفریق تحریک کا حصہ بن جانا جماعت اسلامی کی قیادت پر اعتماد کا مظہر ہے، تحریک مظلوموں کے حقوق غصب کرنے والوں کے لیے نوشتہ دیوار ہے۔
انہوں نے متنبہ کیا کہ حق دو گوادر تحریک کے تمام مطالبات کو فی الفور من و عن تسلیم کیا جائے ، ورنہ یہ تحریک صرف بلوچستان تک محدود نہیں رہے گی ، ملک کے گوشے گوشے میں پھیل جائے گی۔
انہوں نے ماو ں بہنوں بیٹیوں کی اتنی کثیر تعداد میں شرکت کو یقینی بنانے اور شاندار انتظامات پر صوبہ بلوچستان کے خواتین نظم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔