کوئٹہ میں درندگی ،سیالکوٹ سانحے کے حوالے سے ملی یکجہتی کونسل کا اہم صوبائی اجلاس


کوئٹہ(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے صوبائی ذمہ داران کا سانحہ کوئٹہ ویڈیواسکینڈل،سانحہ سیالکوٹ کے حوالے سے اہم اجلاس الفلاح ہاؤس میں زیر صدار ت صوبائی صدرمولاناعبدالحق ہاشمی ہوا۔

اجلاس میں کونسل کے صوبائی صدر مولاناعبدالحق ہاشمی ،جمعیت علماء پاکستان کے مولاناسید مومن شاہ ،سیدفیروزشاہ ،مجلس وحدت المسلمین کے علامہ ہاشم موسوی ،مجلس تحفظ ختم نبوت کے حاجی خلیل الرحمان ،مولاناانوار الحق حقانی ،مولانا محمد ادریس ،جماعت اسلامی کے مولانا عبدالحمیدمنصوری ، جماعت اہل سنت بلوچستان کے سید حبیب اللہ شاہ چشتی ،جمعیت اتحاد العلماء کے حافظ نورعلی ،شیعہ علماء کونسل کے علامہ یعقوب علی توسلی ، تحریک اسلامی کے سید محمد رضا ،قومی اصلاحی کمیٹی ،ملی یکجہتی کونسل کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات عبدالولی شاکرنے شرکت کی ۔

اجلاس میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین نے کوئٹہ میںمعصوم لڑکیوں کیساتھ درندگی ،سیالکوٹ واقعے کی شدید مذمت ،گوادر میں حقوق کے حصول کیلئے 25دنوں سے حق دوتحریک کی جانب سے جاری دھرنے کی بھرپور حمایت کی گئی حکومت گوادر دھرنے کے مطالبات فوری تسلیم کریں ۔اجلاس کے شرکاء نے کہاکہ کوئٹہ واقعہ کو کسی ایک مسلک ،فرقہ یا قوم اورسیالکوٹ واقعے کو اسلام کیساتھ منسلک نہ کیا جائے ۔چیف جسٹس،صوبائی حکومت ،چیف سیکرٹری ودیگر اعلیٰ حکام کوئٹہ واقعے میں ملوث تمام وحشی کرداروں کو بے نقاب کرکے عبرت ناک سزادیکر بہنوں بیٹیوں کی عزت بچائیں۔

میڈیا سنسنی فحاشی پھیلانے کے بجائے تعلیم وتربیت کاکام کریں ۔حکومت تماشادیکھنے کے بجائے قوم کی عزت بچائیں۔فحاشی وعریانی روکھنے میڈیا کے صحیح استعمال کے حوالے سے قومی میڈیا ،حکومت کیساتھ علمائے کرام دینی ،سیاسی ،فلاحی تنظیمیں بھی اپناکردار اداکریں ۔ملی یکجہتی کونسل ہر ظلم درندگی ،فرقہ واریت لسانیت کے خلاف اور مظلوم کیساتھ ہے ۔کونسل میں ہر مکتب فکر ،پارٹی کے علمائے کرام موجود ہیں انشاء اللہ اس پلیٹ فارم سے اسلام وملت کے خلاف جاری سازشوں کو بے نقاب وناکام بنائی جائیگی ۔سانحہ سیالکوٹ کو اسلام وپاکستان کے خلاف استعمال نہ کیا جائے ۔

حکومت وعدالت کوئٹہ وسیالکوٹ واقعات روکھنے کیلئے عملی اقدامات اُٹھائیں ۔الحمداللہ کوئٹہ میں رونما ہونے والے واقعے میں ملوث مجرموں کے خلاف پوری قوم یکجا ومتحد ہے ۔ میڈیا سنسنی وفحاشی پھیلانے سے گریز کرتے ہوئے تربیتی تعلیمی پروگرامات نشرکریں نوجوانوں بلخصوص لڑکیوں میں منشیات ،فحاشی وعریانی پھیلانے کی سازشیں ہورہی ہے جس کاروک تھام ضروری ہے۔کوئٹہ میں درندگی جیسے واقعات کاروک تھام نہ کیا گیا تو ہماری بہنیں بیٹیاں محفوظ نہیں ہوگی اس لیے سب کو ان واقعات میں ملوث کرداروں کو بے نقاب اورانہیں قرارواقعی سزادینے کیلئے متحد ہوکر جدوجہد کرنا چاہیے ملی یکجہتی کونسل اس قسم کی درندگی کی بھر پور مذمت کرتی ہے ۔