گوادر کو حق دو تحریک کے قائدین پر مظالم اور گرفتاریوں کے خلاف جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی،مولانا عبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاہے کہ مولانا ہدایت الرحمان بلو چ وحق دوتحریک پر مظالم مقدمات تشدد اور گرفتاریوں کے خلاف جماعت اسلامی جدوجہد جاری رکھے گی ۔بلوچستان کے عوام ،وکلاء ،حقیقی عوامی سیاسی تنظیمیں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وحق دوتحریک کیساتھ ہیں، حق دوتحریک کو جتنا دبائیں گے وہ اتناہی ابھرے گی ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر قیادت کو فوری رہا مقدمات ختم اور حق دو گوادر کے تسلیم شدہ مسائل فوری حل کریں ۔پولیس گردی مقدمات وگرفتاریوں سے تحریک رکے گی نہیں ۔جماعت اسلامی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ وحق دوتحریک کے ساتھ ہے ۔انشاء اللہ کامیابی مظلوم عوام کی ہوگی ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے حق دوبلوچستان کمیٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں کمیٹی کے سربراہ مولانا عبدالکبیر شاکر ،امیر جماعت اسلامی ضلع کوئٹہ حافظ نورعلی، عبدالولی خان شاکر ،سید نورالحق ایڈوکیٹ، عبدالصمد کھوسہ ،سلطان محمد محنتی ودیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر حق دوتحریک کے گرفتارقائدین ،مقدمات، رہائی ،قائدین کی گوادر سے کوئٹہ منتقلی، قانونی ودیگر خدمات،احتجاج کے حوالے سے مشاورت واقدامات تجویز کیے گیے ۔مولاناعبدالکبیر شاکر نے فیصلوں پر عمل درآمد واب تک کی صورتحال پیش کی ۔

اس موقع پر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جھوٹے مقدمات ،   تشدد،گرفتاری سے قائدین کا راستہ نہیں روکا جاسکتا، جماعت اسلامی کے قائدین ورہنماقید وبند سے نہیں ڈرتے ہم عوام کو حقوق دلانے کیلئے اورظلم وجبر لاقاونیت وآمریت کے خلاف ہر فورم پرآوازبلند کرتے رہیں گے ۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ عوام کے دلوں کی دھڑکن ، قانون وآئین کوماننے والامحب وطن قائد ہے، ان کے خلاف بے بنیاد جھوٹا پروپیگنڈہ ،جھوٹے مقدمات ،تشدد ،گرفتاری قابل مذمت ہے۔ تشدد،پولیس گردی ،جعلی مقدمات ،انتقامی کارروائیاں وگرفتاریاںحقوق کی جدوجہد کو نہیں رکھواسکتی۔

مولانا ہدایت الرحمان بلوچ ودیگر قائدین ،دھرناشرکاء ،مائوں بہنوں کوغیر جمہوری ناروااقدامات ،جعلی مقدمات ،ظلم وجبر کا سامنا ہیں، ہمیں وکلاء برادری ججزوعدالت پراعتماد ہے، وکلائ،میڈیا ،انسانی حقوق تنظیموں وباشعورعوام نے مشکل وقت میں ہماراساتھ دیا۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے عوام کے حقوق کے حصول ،ظلم وجبر کے خلاف  اپنے آپ کو قانون کے حوالے کردیا۔انشاء اللہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ جلد رہا ہوں گے اور گوادر وبلوچستان کے مظلوم ومجبورعوام کو حقوق دلانے کیلئے جدوجہد تیز کریں گے۔