اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ/ وزیر مملکت فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) مستحق خواتین کو انفرادی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے نقد رقم کی تقسیم کا نیا طریقہ کار متعارف کرا رہا ہے۔ یہ اقدام خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
یہ بات انہوں نے خیبرپختونخوا سے آنے والے خواتین کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت سینیٹر محترمہ روبینہ خالد نے کی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین شامل تھیں۔فیصل کنڈی نے وفد کو بتایا کہ بی آئی ایس پی کا نقد رقم کی تقسیم کا طریقہ کار ڈیجیٹل اور شفاف ہے جسے مزید آسان اور جدید بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ BISP مستحق گھرانوں کی سماجی و اقتصادی حیثیت کا جائزہ لینے کے لیے جلد ہی ڈائنامک رجسٹری سروے بھی شروع کر رہا ہے۔ نئی ڈائنامک رجسٹری کے تحت گھرانے کی سماجی معاشی صورتحال میں ہونے والی تبدیلیوں کا اندراج کیا جاسکے گا۔اس حوالے سے ملک بھر میں ڈائنامک رجسٹری ڈیسک بھی قائم کیے جا چکے ہیں۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ بی آئی ایس پی کے مختلف اقدامات کے تحت اب تک 80 لاکھ سے زائد گھرانے مستفید ہو چکے ہیں جن میں بینظیر کفالت ، بینظیر نشوونما ، تعلیمی وظائف اور انڈر گریجویٹ سکالرشپ پروگرام شامل ہیں۔ معزز ارکین کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں مستحق خواتین بینک الفلاح سے جبکہ پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں حبیب بینک لمیٹڈ (HBL) سے اپنی رقوم نکلواسکتی ہیں